لوگوں کو الیکشن کے انعقاد کا یقین نہیں آرہا :تھنک ٹینک
لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘ کی میزبان مریم ذیشان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار ایاز امیر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو الیکشن کے انعقاد کا یقین نہیں آرہا ہے جو اس وقت بڑے مسائل اور مشکلات ہیں ان کا مداوا الیکشن ہیں۔
اب بھی غیر یقینی صورتحال طاری ہے ،نہ ہی سیاسی سرگرمیاں تیز نظر آرہی ہیں،الیکشن میں جو عوام فیصلے کرے اس کو قبول کیا جائے ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر دنیا نیوز سلمان غنی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ سیاستدانوں نے خود سیاسی نظام کو کمزور کیا ہے ، اس وجہ سے انتخابی ما حول پیدا نہیں ہو رہا اور نہ ہی لوگ ان جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ، نوجوان ڈگریاں اٹھا کر دھکے کھا رہے ہیں،انہیں روزگار نہیں مل رہا، ملک چھوڑ کرنوجوان باہر جارہے ہیں، تجزیہ کار حسن عسکری کا کہنا تھا کہ سیاسی لحاظ سے اس وقت پاکستان میں منفی ماحول ہے ،مجھے یادنہیں آتا کسی الیکشن میں اتنا منفی ماحول الیکشن سے پہلے ہو ، وجہ یہ ہے کہ جوحکومتی اور ریاستی ادارے ہیں، وہ اس طریقے سے کام کررہے ہیں، اس سے شک پید ا ہوتاہے کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں ،اس الیکشن میں تحریک انصاف حصہ لے گی یا نہیں، پی پی ٹی کے رہنماؤں ،کارکنوں کی اب بھی پکڑ دھکڑ جاری ہے ۔ تجزیہ کار رشید صافی کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کا فارمولہ ن لیگ سمیت کسی جماعت کے پاس نہیں ہے ،اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے ،ان مسائل کو حل کرنا نواز،زرداری ،مولانا فضل الرحمان ،پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں ،تما م سیاسی جماعتو ں کو ملکر مسائل حل کرنے ہوں گے ۔