10لاکھ روپے تک مفت علاج،175ارب کا نظرثانی منصوبہ ایکنک کو ار سال:سندھ حکومت بھی رضامند

10لاکھ روپے تک مفت علاج،175ارب کا نظرثانی منصوبہ ایکنک کو ار سال:سندھ حکومت بھی رضامند

اسلام آباد(ایس ایم زمان)نگران وفاقی حکومت نے ملک بھرمیں یو نیورسل ہیلتھ کوریج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 175 ارب روپے کا نظر ثانی شدہ منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیاہے ۔ سندھ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کے منصوبے میں شامل ہونے پر رضامند ہوگئی ہے ۔

ایکنک یونیورسل ہیلتھ کوریج کا منصوبہ یکساں پالیسی کے تحت چلانے کی منظوری دے گی۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہرپاکستانی کو10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ اب نگران وفاقی حکومت نے ملک بھرمیں یہ منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزارت قومی صحت نے نظر ثانی شدہ منصوبے کیلئے 3 تجاویز وفاقی حکومت او رایکنک کوبھجوائی ہیں۔ پہلی تجویز کے تحت ہر پاکستانی کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دینے کا کہا گیا ہے ۔ دوسری تجویز میں علاج پر 60 فیصد اخراجات حکومت کی جانب سے اور 40 فیصد ادائیگی مریض پر ڈالنے کا کہا گیا ہے ۔ تیسرے نمبر پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے افراد کو10لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔ قبل ازیں سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے یونیورسل ہیلتھ کوریج منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا تاہم اب سندھ حکومت نے منصوبے میں شمولیت پر اتفاق کرلیاہے ۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا ،آزاد کشمیر ، گلگت وبلتستان اورتھرپارکے 4 کروڑ41 لاکھ 70 ہزار خاندان مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے ۔ پنجاب کے 3کروڑ 10لاکھ خاندان، اسلام آباد کے 2لاکھ 50 ہزار خاندان، خیبر پختونخوا کے 90لاکھ خاندان، گلگت بلتستان کے 4لاکھ 50ہزا ر خاندان، آزا دکشمیر کے 13لاکھ خاندان، بلوچستان کے 18 لاکھ خاندان اور تھرپارکر کے 3 لاکھ 20 ہزار خاندان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت 10لاکھ روپے تک علاج کروا سکیں گے ۔ منصوبے کے تحت وفاقی حکومت سالانہ 12 ارب روپے پریمیم کی مد میں سٹیٹ لائف انشورنس کو اداکرے گی۔ پنجاب حکومت 135 ارب اور خیبر پختونخوا حکومت 28ارب روپے پریمیم کی مد میں ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں