ہم نے ملک سے بہت زیادتی کی، وقت آگیا ازالہ کیا جائے: نواز شریف

ہم نے ملک سے بہت زیادتی کی، وقت آگیا ازالہ کیا جائے: نواز شریف

لاہور(اپنے نامہ نگار سے، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہم نے ملک سے بہت زیادتی کی ہے ، وقت آگیا ہے اس کا ازالہ کیا جائے۔۔۔

قوم بھی جاننا چاہتی ہے ترقی کرتے پاکستان کا یہ حشر کیوں کیا گیا ،جواب نہیں آتا اس لئے بار بار پوچھنا پڑتا ہے ، اللہ تعالیٰ اس ملک کی حفاظت کرے ،ہمیں افسوس کرنا چاہیے ہم اس وقت دنیا کے پست ترین ممالک میں شامل ہوگئے ہیں ،یہ ملک بہت سی امیدوں کے ساتھ بنا تھا ،ہمارے دور میں مزدور ، کسان ، عام آدمی خوش تھا ، لوڈ شیڈنگ نہیں تھی، دہشتگردی کا خاتمہ کردیا تھا ، سی پیک کا بہت بڑا معاشی منصوبہ چل رہا تھا ، مگر پھر ہماری حکومت ایک سازش کے تحت ختم کرکے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیاگیا ،ملک کو ترقی دینے کے لیے ہمیں اپنی ذات سے باہر نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں (ن) لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اٹک ، جہلم ، ملتان اور چکوال سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے ٹکٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہت دنوں بعد ملاقات کے بعد اچھا لگ رہا ہے بہت سی پرانی یادیں تازہ ہوگئی ہیں ،جنہوں نے رابطہ تڑوایا ان کا بھی شکریہ ناجانے انہوں نے ایسا کیوں کیا؟دنیا بہت آگے چلی گئی ہے ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں ہم سب کو مل کر اس کا ادراک کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا آپ لوگوں نے پارٹی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا ہے پارٹی کوشش کرے گی کہ تمام فیصلے میرٹ پر ہوں اور آپ دعا کریں کہ اللہ ہمیں میرٹ پر فیصلے کرنے کی توفیق دے اور اس کا فیصلہ ملک اور ملت کو پہنچیں ہم سب اپنی ذات سے بالاتر ہوکر ملک وقوم کی خدمت کریں بڑا ضروری ہے کہ اگر آپ واقعی ازالہ چاہتے ہیں تواپنی ذات سے باہر نکلنا ہوگا اس میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے ۔ ملک نے کافی مشکلات دیکھی ہیں ، آج قوم اور ملک پریشانی کی حالت میں ہے ، اس کو اگر پریشانی سے نکالنا ہے تو یہ سوچنا ہے کہ یہ جو ٹکٹ ملا ہے اس کو عبادت سمجھ کر ملک اور قوم کی خدمت کرنی ہے اللہ ہمیں کامیابی عطا فرمائے اور بہترین فیصلے کرنے کی توفیق دے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب سے زیادہ جو چیز عزیز ہے وہ قوم ہے اور قوم پر جب اچھا وقت آئے گا تو وہ ہم سب کیلئے اچھا ہوگا پاکستان جب خوشحال ہوگا تو ہر بندہ ہر خاندان خوشحال ہوتا ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم یہاں آج اکٹھے بیٹھے ہیں آپ کی درخواستوں پر غور کیاگیا ہے آپ نے اپنی ذاتی حیثیت سے اوپر ہوکر ملک اور ملت کیلئے سوچنا ہے اگر کوئی وزیر بنتا ہے کوئی مشیر بنتا ہے کوئی ٹیکنو کریٹ بنتا ہے تو اس کی خواہش صرف یہ ہونی چاہیے کہ اللہ نے ہمیں ملک اور ملت کی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے اپنی ذاتی ترقی کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے منتخب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ساری توجہ ملک کو اس حالت سے باہر نکالنے پر ہو ، خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ہے ملک کو بے روزگاری اور مہنگائی سے نکالنا ہے ۔ عام آدمی کیسے خوشحال ہوگا اپنی ضروریات کیسے پوری کرے گا اس پر کام کرنا ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ جو ذمہ داری آپ کے کندھے پر آئے گی آپ کیسے اس ملک کو گمنامی اور اندھیروں سے نکالتے ہیں دعا کریں ، اللہ تعالیٰ ہمیں کامیابی سے ہمکنار کرے اور اس ملک اور عزت کو جو اللہ نے تعالیٰ نے دی ہے اس کو ملک کی فلاح کیلئے استعمال کیاجائے اور اسی سوچ سے الیکشن لڑینگے تو کامیابی ملے گی مگر صرف اپنا سوچنا ہے تو اس میں پھر اللہ کی مدد شامل نہیں ہوتی اس میں ذاتی انا آجاتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں