نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے قیام کی منظوری
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز رپورٹر ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی دی گئی انتخابات کی تاریخ میں کسی قسم کی توسیع، ترمیم یا تبدیلی ایجنڈے پر نہیں، ابھی تک کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا جو الیکشن کے التوا کا باعث بنے ۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا ، وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی نیشنل سپیس پالیسی کی منظوری دی۔اجلاس کے بعدنگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نگران وفاقی کابینہ نے سائبر کرائم کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لئے نیشنل سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے قیام کی منظوری دے دی ۔ ایجنسی کے قیام سے شہریوں کے لئے سائبر سپیس کو محفوظ بنایا جاسکے گا، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اب نئی ایجنسی کو ذمہ داری سونپے گا۔ نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ملک میں سائبر کرائم کے واقعات بڑھ رہے ہیں،اس لئے ٹیلی کام ٹر بیونل بنایا جائے گا جس میں خاص علم رکھنے والے شامل ہوں گے ، ٹیلی کام سیکٹر کے کیسز اب طویل عر صہ تک التوا کا شکار نہیں رہیں گے ۔کابینہ نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کنٹریکٹ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر فوری منسوخ کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے قیام کی مدت آئندہ سال 29 فروری تک بڑھاتے ہوئے ان کے پاکستان میں معینہ مدت سے زیادہ قیام کے نتیجے میں 800 ڈالر کے ہرجانے کو کم کرکے 400 ڈالر کردیا ۔علاوہ ازیں کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ موخر کر دیا ۔
پالیسی کے تحت پاکستان میں ابلاغ اور روابط کے لئے بین الاقوامی کمپنیوں کو Low Orbit Sattilite Communication کے ذریعے صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ پالیسی کے تحت نہ صرف پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہوگی بلکہ پاکستان سے ان خدمات کے حصول کے لئے معاوضے کی مد میں باہر جانے والا قیمتی زرِ مبادلہ بھی بچایا جا سکے گا اس سے نہ صرف پاکستان میں بین الاقوامی سطح پر رائج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سپیس ریگولیٹری رجیم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے بلکہ سپارکو میں تحقیق و ترقی کے لئے فنڈز کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔نئے ایم ڈی کی تعیناتی تک ریئر ایڈمرل شاہد احمد ڈی جی آپریشنز پورٹ قاسم اتھارٹی کو اس کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی گئی ۔ پاکستان کی افریقہ انگیج پالیسی کے تناظر میں جمہوریہ گیمبیا اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مابین باہمی سیاسی تبادلہ خیال پر مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ۔ وفاقی کابینہ نے منیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کا کنٹریکٹ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر فوری منسوخ کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری دی ہے ۔ نئے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک میاں محمد شفیق، چیف ایگزیکٹو انجینئر قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج سنبھالیں گے ۔ وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی سفارش پر ڈاؤ ڈینٹل کالج کراچی، نارووال میڈیکل کالج، لیاقت انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، ٹھٹھہ اور خیرپور میڈیکل کالج خیرپور میرس کی ابتدائی منظوری کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو بھجوانے کے فیصلے کی توثیق کی۔