سینیٹ:زخمیوں کے نجی ہسپتالوں میں علاج سمیت 7بلز منظور

 سینیٹ:زخمیوں کے نجی ہسپتالوں  میں علاج سمیت 7بلز منظور

اسلام آباد(نامہ نگار) سینیٹ نے زخمی افراد کے نجی ہسپتالوں میں لازمی علاج کی سہولت سمیت 7بلز منظورکر لیے ، سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے ترمیمی بل 2023پیش کیا ۔

نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر ندیم جان نے بل کی حمایت کی جس پر بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا،سینیٹر سیمی ایزدی نے پاکستان پینل کوڈ 1860  میں ترمیم کے حوالے سے کریمنل لاز ترمیمی بل پیش کیا ۔ حکومت نے بھی بل کی حمایت کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔سینیٹر سیمی ایزدی نے ایزمنٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 بھی پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ دلاور خان نے فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز بل پیش کیانگران وفاقی وزیر نے بل کی مخالفت کی تاہم ایوان نے کثرت رائے کی بنیاد پر بل کو منظور کر لیا۔سینیٹر فدا محمد نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کے حوالے سے بل پیش کیا ۔نگران وفاقی وزیر نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے این او سی نہیں لی گئی تاہم چیئرمین سینیٹ نے اراکین سے رائے لینے کے بعد بل کو کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کر لیا۔ سینیٹر مشتاق احمد نے فوجداری قوانین میں مزید ترمیم کا بل پیش کیاجیسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ مسیحی برادری کی شادیوں کے حوالے سے ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ سینیٹر کامران مائیکل نے ازدواج عیسائیان بل 1872میں مزید ترمیم کا بل پیش کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ بل میں لڑکے اور لڑکی کی عمر میں فرق ہے اس میں ترمیم کی جائے اور دونوں کی عمریں 18سال کی جائیں ۔چیئرمین سینیٹ نے ایوان سے ترامیم سمیت بل کی شق وار منظوری لینے کے بعد کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ سینیٹ میں مساوی سکیلز،واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد ،یونیورسل ہیلتھ کوریج سمیت9بل قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیئے گئے ۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بی اے کے نصاب سے مطالعہ پاکستان کو ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیاگیا۔ سینیٹر مشتاق نے کہا کہ ایچ ای سی نے بیچلرز سطح پر اسلامک سٹیڈیز اور مطالعہ پاکستان کو ختم کرکے آئیڈیالوجی اور آئین پاکستان سٹڈی متعارف کرادیا ۔جو چیز ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت وجود میں آئی ہے اس کو ایچ ای سی کیسے ختم کر سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں