مریم نواز کا رنگ روڈ راولپنڈی، دودوچھہ ڈیم سائٹ کا دورہ: ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کرنیکی ہدایت

مریم نواز کا رنگ روڈ راولپنڈی، دودوچھہ ڈیم سائٹ کا دورہ: ہنگامی بنیادوں پر کام  مکمل کرنیکی ہدایت

راولپنڈی، لاہور(نیوز ایجنسیاں)وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز راولپنڈی میں رنگ روڈ اور دودوچھہ ڈیم کی سائٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کرنیکی ہدایت جاری کر دی۔

 انہوں نے گرین پاکستان انیشیٹیو (GPI)کے مرکزی دفتر کا بھی دورہ کیا اورلِمز کی کاوشوں کو سراہا، دورے کے دوران چولستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے پانی کی پائپ لائن بچھانے کے منفرد منصوبہ کی منظوری سمیت متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق رنگ روڈ راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ راولپنڈی کے عوام کی آمدورفت میں آسانی کیلئے ناگزیر ہے، اس پراجیکٹ پر بننے والے انڈسٹریل زونز راولپنڈی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے،منصوبہ کی تکمیل کے لئے دو سال کا وقت مقرر ہے،دسمبر تک راولپنڈی رنگ روڈ ورک مکمل کیا جائے اورپراجیکٹ میں تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنا یا جائیگا۔

ڈیم سائٹ پر گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے دودوچھہ ڈیم پر ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کیا جائے ، ڈیم کی تعمیر سے راولپنڈی اور مضافات کو صاف پانی میسر ہو گا ،وزیر اعلٰی مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کیلئے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ دودوچھہ ڈیم سائٹ پر اضافی مشینری ، ورک فورس لگا کر مختلف سیکشنز پر کام شروع کروایا جائے ،زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔

اس موقع پر سابق سینیٹر پرویز رشید، ارکان پنجاب اسمبلی مریم اورنگزیب،ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین پاکستان انیشیٹیو کے مرکزی دفتر کے دورہ کے موقع پر اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کسانوں کو جدید زرعی آلات فراہم کئے جائینگے ، جانوروں کی افزائش کرکے اعلیٰ نسل کی لائیو سٹاک متعارف کرانے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد کے گر د و نواح میں شجرکاری کا فیصلہ کیاگیا،ملکہ کوہسار کی قدرتی خوبصورتی بحال کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائینگے ،راولپنڈی کے نالہ لئی پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا،راولپنڈی کیلئے معیاری میگا ٹرانسپورٹ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔

دریں اثنا مریم نواز نے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی، وہ مہمانوں کی گیلری میں موجود رہیں۔ نوازشریف اور شہباز شریف جب حلف برداری کے بعد ایوان سے باہر گئے تو مریم نوازبھی ان کے ہمراہ مہمانوں کی گیلری سے چلی گئیں،مریم نے وہاں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو سے بھی ملاقات کی۔ دوسری طرف وزیر اعلٰی نے بہاولنگر میں خاتون کے ساتھ پولیس اہلکار کی مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں