نقل پر جماعت نہم کا امتحانی سنٹر سیل ،عملے سمیت 8گرفتار

نقل پر جماعت نہم کا امتحانی سنٹر سیل ،عملے سمیت 8گرفتار

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنی خفیہ ٹیم کی نشان دہی پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہائی سکول مزنگ میں قائم جماعت نہم کے امتحانی سنٹر پر چھاپہ مارا اوروہاں نقل کرتے طلبہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔

 وزیر تعلیم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز اور پولیس حکام کو موقع پر طلب کر لیا ،جنہوں نے 4 پرائیویٹ انویجیلیٹرز اور 2 سنٹر انچارج سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ رانا سکندر حیات نے اپنی نگرانی میں سنٹر سیل کروایا۔ امتحان دینے والے طلبہ وزیر تعلیم کے سامنے پھٹ پڑے ، امیدواروں نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ انویجیلیٹرز کا نعرہ "پیسے دو پاس ہو جاؤ"ہے ۔ سنٹر کے 500 سے زائد طلبہ نے سنٹر انچارج اور انویجیلیٹرز کے  خلاف گواہی دی اور بتایا کہ پیپر کے 30 ہزار اور ایم سی کیوز کے 20 ہزار مانگے جا رہے تھے ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات میں نقل ناقابل برداشت ہے ۔ چیئرمین لاہور بورڈ نے بھی معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا اور کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین روز میں رپورٹ طلب کر لی۔ صوبائی وزیر نے دیو سماج روڈ اور لارنس روڈ سمیت دیگر علاقوں کے ا متحانی مراکز کا بھی اچانک دورہ کیا ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں