نکاح کیس :خاور مانیکا کے وکیل دلائل کے دوران ہی چلے گئے

 نکاح کیس :خاور مانیکا کے وکیل دلائل کے دوران ہی چلے گئے

اسلام آباد( اپنے نامہ نگار سے )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر خاورمانیکا کے وکیل دلائل کے دوران ہی عدالت سے چلے گئے ۔

سماعت شروع ہونے پر خاورمانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے اور دلائل کاآغاز کرتے ہوئے کہاتین فروری ٹرائل کورٹ فیصلے کے اہم نکات عدالت کے سامنے رکھوں گا، وکیل رضوان عباسی نے ٹرائل کا فیصلہ عدالت کے سامنے پڑھااور کہامیں اپنے دلائل کا آغاز کرونگا مگر یہ دلائل آج مکمل نہیں ہوسکتے ،  رضوان عباسی نے دلائل کیلئے مئی کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعاکی جس پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے سماعت ملتوی کرنے کی مخالفت کردی،جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیاکہ آپ اور کتنا وقت لینگے ؟ ،وکیل رضوان عباسی نے کہا چار سے پانچ گھنٹے لگیں گے عدالت یکم مئی یا دو مئی رکھ لے ،جج شاہ رخ ارجمند نے استفسار کیاکہ25 اپریل تک کردیں ملتوی ؟ جس پر وکیل نے کہا ٹھیک ہے ، 25 اپریل تک سماعت ملتوی کردیں،اسی دوران خاورمانیکا کے وکیل عدالت سے واپس روانہ ہوگئے ۔ عدالت نے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی۔ ادھراسلام آبادمیں بشریٰ بی بی کے طبی معائنہ اور سب جیل بنی گالا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقررکردی گئی ہے ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آج سماعت کرینگے ،شعیب شاہین ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر ملا کر دیا گیا، جسمانی، ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،سب جیل میں زیادہ تر مرد اہلکاروں کی تعیناتی ، صرف ایک خاتون کی تعیناتی کی گئی ہے ،سب جیل میں مرد اہلکاروں کی اکثریت بشریٰ بی بی کیلئے ذہنی اذیت کا باعث ہے ، بشریٰ بی بی کے کمرے میں آڈیو بگز اور خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو ان کی پرائیویسی کیخلاف ہے ،بشریٰ بی بی کو دیئے گئے کھانے سے گلے اور منہ میں شدید جلن کا سامنا رہتا ہے ، وہ سمجھتی ہیں کہ ان کو کھانے میں کسی قسم کا تیزاب ملا کر دیا جاتا ہے ،عدالت بشریٰ بی بی کا شوکت خانم یا کسی اور نجی ادارے کے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کے احکامات دے ،ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کا حکم دے دیا ۔ ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے تین مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت کی،عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں