عید کیلئے ننھیال آئی اڑھائی سالہ بچی قتل، 5 دن بعد لاش کھیت سے برآمد

عید کیلئے ننھیال آئی اڑھائی سالہ بچی قتل، 5 دن بعد لاش کھیت سے برآمد

پسرور(تحصیل رپورٹر)پسرورمیں سفاک شخص نے اپنے ننھیال عیدمنانے کیلئے آئی ہوئی اڑھائی سالہ بچی کو قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی ،قتل سے قبل زیادتی کا شبہ ظاہر کیا جارہاہے، وزیراعلیٰ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل سمبڑیال کے گاؤں کوٹ مارتھ کا رہائشی محمد شکیل اپنی فیملی کے ہمراہ اپنے سسرال تھانہ بڈیانہ کے گاؤں سرائے شاہ فتح میں عید منانے آیا ہوا تھا، عید کے دوسرے روز اسکی اڑھائی سالہ بچی جنت فاطمہ غائب ہوگئی، گزشتہ روز پانچ دن کی تلاش کے بعد اس کی لاش نواحی کھیتوں سے مل گئی، پولیس نے ڈرون کیمروں کی مدد سے بچی کی لاش تلاش کی، جسے پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور منتقل کردیا گیا اور پولیس نے تفتیش شروع کردی،روزنامہ دنیا کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں، اس المناک سانحہ پر پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا ، بچی کے والدین اور اہل دیہہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ اس دردناک واقعہ کا نوٹس لیا جائے اور ملزم کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ انہوں نے غمزدہ والدین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔وزیراعلیٰ کا کہناتھاکہ معصوم جنت فاطمہ کے قاتل کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں