مصطفی آباد :مبینہ پولیس مقابلہ ، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

مصطفی آباد :مبینہ پولیس مقابلہ ، ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

مصطفی آباد ،قصور،کھڈیاں خاص(نامہ نگار، نمائندگان دنیا)دفتوہ روڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہو گیا، پولیس نے ڈکیتی و ر ہزنی کے 30 مقدمات میں مطلوب ڈاکو کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

تفصیل کے مطابق پولیس کو نوید نامی شہری کی جانب سے 15پر کال موصول ہوئی کہ چور موڑ کے قریب 2ڈ اکوؤں نے اس سے موٹر سائیکل چھین لی اور اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے ، گشت پر مامورپولیس آفیسر اور اہلکاروں نے ناکہ بندی کر کے ان کو روکنے کی کوشش کی تو ڈاکو سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سمیت کھیتوں میں گھس گئے ،پولیس نے چاروں اطراف سے گھیر لیا اور فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر کھیتوں میں جاکر دیکھا تو ملزم محسن بائیں ٹانگ پر اپنے ساتھی کا فائر لگنے کی وجہ سے زخمی حالت میں موٹر سائیکل سمیت زمین پر پڑا ہوا تھا، پولیس نے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے پستول اور 2 میگزین برآمد کرلیں جبکہ اس کا ساتھی اویس فرار ہوگیا ۔ادھر کوٹ رادھاکشن کے نواح ٹول ٹیکس چوک میں فرقان موبائل شاپ پر موجود تھا کہ ڈاکو اُسے یرغمال بناکر ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے ۔دُکاندار کی قیادت میں لوگوں نے روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ جونیکی راجہ جنگ کے نزدیک محمدبلال سے 2لاکھ 75ہزار روپے ، موبائل فون ،موٹرسائیکل، دھیر میکے پل منڈی عثمانوالہ کے قریب دارحسین سے 20ہزار نقدی، موبائل فون،موٹرسائیکل ،ڈی پی ایس قصور کے نزدیک ذوالفقارعلی سے نقدی، موبائل فون،موٹرسائیکل، نہر پل برج کے قریب تنویر اختر اور اس کی بیوی سے موبائل فون،نقدی ،پکی حویلی میں عاصم علی سے 62ہزار نقدی اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ مزید برآں کھڈیاں کے گاؤں کھائی ہٹھاڑ میں چور ایک ہی رات میں 5 زمینداروں کاشف منور، احسان الٰہی،چودھری محمد طارق، خوشی محمد اور محمد منور کے زرعی ٹیوب ویلز سے ٹرانسفارمرز،موٹریں، سٹارٹرز اور سینکڑوں گز کیبل لے گئے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں