سیاسی انتقام ، جیل ٹرائل کے دوران دروازوں کو تالے :پی ٹی آئی

سیاسی انتقام ، جیل ٹرائل کے دوران دروازوں کو تالے :پی ٹی آئی

اسلام آباد ، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں ) پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے کسی بھی سطح پر کسی سے مذ اکرات نہیں ہو رہے ، اگر مذاکرات ہوں گے توہم ہر گز نہیں چھپائیں گے ۔

 جیل ٹرائل کے دوران دروازے لاک کر دئیے گئے ، میڈیا کو بھی دور رکھا گیا ، ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے ، عدالت بھی ہماری داد رسی نہیں کر رہی ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس نیب کیس ہے ، سائفر کیس نہیں۔ جیل ٹرائل میں پبلک اور میڈیا کی موجودگی ضروری ہوتی ہے تاہم انہوں نے ٹرائل کے دوران دروازوں کو تالے لگا دئیے ۔ انہوں نے کہا ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے ۔ سیاسی انتقام پر مبنی کیس چلایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اعلیٰ عدلیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا لیکن ہماری کوئی داد رسی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا بی بی کو زہر دیا گیا ہے ۔ انکے کھانے میں ہارپک ملا کر دیا گیا ۔ انھیں دروازے اور کھڑکیاں بند کر کے کمرے میں ا کیلا رکھا گیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ کسی بھی ادارے کے چیف ہوں ان کی ایکسٹینشن کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے یہ جیب تراش حکومت ہے ، یہ عوام کی جیبوں پہ ڈاکے ماریں گے ۔ پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن ہے ،اللہ خیر کرے گا،ہمارے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، پری پول ریگنگ ہو رہی ہے ،ان کاکہنا تھا عدالتوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی1 نشست واپس کی،عوام کی ووٹ اور آواز بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے جیت پی ٹی آئی کی ہے ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو بنیادی سہولیات سرگودہا جیل میں نہیں دی جا رہی،انہوں نے کہا چھ جسٹسز نے لکھا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیز کے آپریٹو اور ایجنٹس نے بیڈ رومز تک کیمرے اور آلات فٹ کیے تھے ،بدقسمتی سے ہم نے تاریخ سے کوئی سبق سیکھا نہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں