آرمی چیف سے ترک چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ،دفاعی تعاون بڑھانےکا عزم

آرمی چیف سے ترک چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ،دفاعی تعاون بڑھانےکا عزم

راولپنڈی (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گیوراک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، دفاعی، تربیت اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔

 آئی ایس پی آر  کے مطابق ملاقات میں دونوں اطراف نے اپنے ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا ۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، آرمی چیف نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجودہ فوجی تعاون آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل متین گیوراک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا۔اس سے قبل سربراہ ترک فوج کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جنرل متین گیوراک نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گراک نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو سے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اعلیٰ شخصیات نے جدید جنگی ٹیکنالوجیز اور تربیت کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تعاون کو مضبوط بنانے کے مقصد سے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ترک مسلح افوج کے جنرل متین گراک نے فضائی صنعت کی ترقی میں پاکستان ایئر فورس کی پیش رفت کا اعتراف کیا ۔ مہمان شخصیت نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا بھی دورہ کیا ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ترک فوج کے جنرل اسٹاف کے چیف جنرل متین گورک نے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون اور دائرہ کار بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں