ایم ایس خواجہ سعید ہسپتال پر مالی بے ضابطگیوں کاانکشاف

  ایم ایس خواجہ سعید ہسپتال پر مالی بے ضابطگیوں کاانکشاف

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )میاں منشی ہسپتال لاہور اور سید مٹھا ہسپتال لاہور میں ایڈیشنل چارج پر تعینات رہنے والے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عدنان القمر کے سید مٹھا ہسپتال لاہور میں 8کروڑ79لاکھ روپے جبکہ میاں منشی ہسپتال لاہور میں 12 کروڑ39لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر سیکرٹری صحت کی جانب سے پیڈاانکوائری کاحکم دید یا گیا۔

 ڈاکٹر عدنان القمر پر کرپشن کے بڑے الزامات پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ جس میں ادویات کی مد میں غیر ضروری اشیا کی خریداری، لیبارٹری کیمیکل ، میڈیسن اور سرجیکل آلات کو من پسند کمپنیوں سے مہنگے داموں اور قوائد و ضوابط کے خلاف خریدنے کے ساتھ  ساتھ ادویات کی چوری کے حوالے سے انکوائری شروع کردی گئی ہے ۔ اس حوالے سے سرگنگا رام ہسپتال لاہور کے شعبہ ناک ،کان و گلہ کے پروفیسرڈاکٹر محمد ارشاد کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا ۔ایم ایس پر الزام ہے کہ انہوں نے الکحل اور نان الکحل وائپس کی خریداری میں سید مٹھا ہسپتال کو2کروڑ30لاکھ روپے جبکہ میاں منشی ہسپتال لاہور کو 1کروڑ14لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔کلورین کی گلورین کی خریداری میں سید مٹھا ہسپتال لاہور میں45 لاکھ روپے جبکہ میاں منشی ہسپتال لاہور میں سرکاری خزانے کو ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان پہنچایاگیا۔ڈاکٹر عدنان القمر کو 14 روز کے اندر اندر اپنا جواب جمع کرانے کو کہا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں