مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر23افراد گرفتار، متعددتندورسیل

مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر23افراد گرفتار، متعددتندورسیل

لاہور،راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) پنجاب میں مہنگی روٹی فروخت کرنے پر 23 افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور متعدد تندور سیل کر دئیے گئے ۔

 وزیر خوراک بلال یاسین نے گزشتہ روز بھی لاہور کے مختلف علاقوں میں نوٹیفائیڈ ریٹ پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے دورے کئے ۔ٹیمپل روڈ، کریم پارک اور ٹھوکر کے علاقوں سے مہنگی روٹی اور نان بیچنے پر 13افراد موقع سے گرفتار کئے گئے اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے پوائنٹس سیل کئے گئے ،لاہور میں اب تک 72افرادکو گرفتارکیاجاچکاہے ۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں ہے اور ہر حال میں روٹی 16روپے اور نان 20روپے میں دستیاب ہوگا۔ ملتان میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز کو سیل کیا گیا ہے جبکہ 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب میں 16 روپے کی روٹی بیچنے کے حکومتی احکامات کے بعد نان بائی دو حصوں میں تقسیم ہوگئے ۔ راولپنڈی ڈویژن میں گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف نان بائیوں نے گزشتہ روز ہڑتال کی جب کہ چکوال ،ٹیکسلا، گوجرخان، جاتلی، کلرسیداں اور گرد ونواح میں بھی تندور بند رہے ۔ دوسری جانب جنرل نان بائی ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز کی ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی اور ایک بیان میں صدر نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا انتظامیہ نے دوبارہ مذاکرات کیلئے بلایا ہے حکومت سے اپیل ہے ہمارے چولہے بھی جلنے دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں