شبلی فراز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد،جلسوں کاآغاز پنجاب سے کرینگے:پی ٹی آئی

شبلی فراز سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد،جلسوں کاآغاز پنجاب سے کرینگے:پی ٹی آئی

اسلام آباد، لاہور ( خصوصی نیوز رپورٹر ، سیاسی رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک)سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر شبلی فراز کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا گیا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا نے بتایا کہ شبلی فراز سینیٹ میں لیڈر آف پوزیشن ہوں گے ۔حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے متعلق کسی بھی بیان کی تردید کی ہے ۔انہوں نے کہا 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کا آئندہ اجلاس 29 اپریل کو ہوگا، جلسوں کا آغاز پنجاب سے کریں گے ۔اس موقع پر ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد کا فائنل فیز شروع ہونے جا رہا ہے ، ہماری جیت ہوگئی، دشمن ہار چکے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر ہوں گے اور وزیراعظم بنیں گے ۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری ابھی تک پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر کی حیثیت سے مستعفی نہیں ہوئے ، وہ ابھی بھی ایک پارٹی کے صدر ہیں انہیں ملک کا صدر تسلیم نہیں کیا جا سکتا، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آصف زرداری اور نون لیگ فارم 45کی پیداوار ہیں جو جعلی مینڈیٹ لے کر پاکستانی عوام پر مسلط کیے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تھی ، ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں جو جلد عدالتوں سے اڑ جائیں گے اور وہ عوام کے درمیان ہوں گے ۔ ترجمان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین کی اہلیہ کی صحت میں واضح بگاڑ کے باوجود ان کے میڈیکل ٹیسٹ نہ کروانے کی مذمت کی اورکہاہے کہ مینڈیٹ چور سفّاکیت کی بدترین تاریخ رقم کررہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں