آرمی چیف سے سعودی نائب وزیردفاع کی ملاقات،دفاعی پیداوار،فوجی تربیت پر بات چیت

آرمی چیف سے سعودی نائب وزیردفاع کی ملاقات،دفاعی پیداوار،فوجی تربیت پر بات چیت

راولپنڈی(اے پی پی)سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع جنرل طلال بن عبداللہ آل سعود نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی پیداوار اور فوجی تربیت سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق معززمہمان نے پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے رائل سعودی لینڈ فورسز کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، دورے پر آنے والے معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں، قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام میں فوج کے کردارکی تعریف کی، سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں پاکستان سعودی عرب دفاعی تعاون کے پانچویں اجلاس میں بھی شرکت کی۔ جس کی شریک صدارت پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف نے کی،فورم نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے چیلنجز اور دفاعی فورسز پر ان کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ فورم نے نوٹ کیا کہ جدید ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ترقی نے دو برادر ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت کو بڑھا دیا ہے ۔دونوں فریقوں نے زمینی، بحری اور فضائی شعبوں میں خاص صلاحیتوں کے حصول پر مرکوز نقطہ نظر کے ساتھ دفاعی تعاون میں کوششوں کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے اس پس منظر میں مخصوص ٹائم لائنز کے اندر ٹھوس مقاصد حاصل کرنے کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں