پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لڑائی،جھگڑے،ڈنڈا لگنے سے ن لیگ کا رکن جاں بحق

پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لڑائی،جھگڑے،ڈنڈا لگنے سے ن لیگ کا رکن جاں بحق

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان دنیا ) پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران مختلف شہروں میں پولنگ سٹیشنوں کے باہر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں لڑائی ،جھگڑے اور تصادم کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ نارووال میں ن لیگ کا کارکن ڈنڈا لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے بعض مقامات پر پولنگ روکنا پڑی، چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے شہری کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور معاملے پر رپورٹ طلب کر لی جبکہ الیکشن کمشنر پنجاب نے پولنگ کا عمل رکنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق نارووال میں تحصیل شکر گڑھ کے حلقہ پی پی 54 کے کوٹ ناجو میں واقع پولنگ سٹیشن کے باہر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا اور اس دوران سر میں ڈنڈا لگنے سے مسلم لیگ ن کا کارکن محمد یوسف شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد پی پی 54 پولنگ سٹیشن کوٹ ناجو میں ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے واقعہ پر ردعمل میں کہا کہ متوفی محمد یوسف مسلم لیگ ن کا کارکن تھا، پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن نہیں جیت سکتی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی محمد یوسف کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاہے کہ پی ٹی آئی دھاندلی کیلئے قتل و غارت پر اتر آئی ہے ۔ جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی غنڈہ گردی سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ،قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

دریں اثنا کوٹ شیخوپورہ میں حلقہ پی پی 139 میں کوٹ عبدالمالک میں قائم پولنگ سٹیشنوں کے باہر لڑائی جھگڑے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ لاہور روڈ کی آبادی نظام پور (ڈھاکہ )میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میں بنائے گئے پولنگ سٹیشن کے باہر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سنی اتحاد کونسل اور نواز لیگ کے حامیوں میں تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہو گیا جہاں خواتین پر بھی تشدد کیا گیا اس جھگڑے کا آغاز پولنگ سٹیشن کے باہر انتخابی کیمپ کی جگہ کے تنازع پرشروع ہوا جس کے بعد تلخ کلامی اورپھر ہاتھا پائی شروع ہو گئی ،اس دوران ہوائی فائرنگ بھی کی گئی لڑائی جھگڑے کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ،بعدازاں پولیس نے دو افراد شہباز اور اعظم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔ دیگرمختلف پولنگ سٹیشنز جھگیاں سیالاں، بھٹیاں والا اور دیگر مقامات پر بھی ووٹ ڈالنے ، ووٹروں کی قطار لگانے کے تنازع پردونوں بڑی جماعتوں کے متحرک کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہاتھا پائی کے واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے پولنگ کا عمل بھی کئی بار بند کرنا پڑا ،انتظامیہ نے بروقت کارروائی کر کے پولنگ کے نظام کو بحال کرایا۔ ادھر رحیم یارخان میں حلقہ پی پی266 کیلئے گورنمنٹ پرائمری سکول محب شاہ کے علاقہ میں قائم پولنگ سٹیشن کے باہر ووٹ کی پرچی بنانے کے دوران پیپلزپارٹی اورن لیگ کے کارکنوں میں ہاتھاپائی ہوگئی، اسی دوران فریقین نے پتھراؤ بھی کیاجس کے نتیجہ میں محب شاہ کے رہائشی 2بھائی ایازحسین اورعنایت زخمی ہوگئے جبکہ ایک کار کونقصان پہنچا ،تصادم کے نتیجہ میں چند منٹوں کیلئے پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں