ڈی آئی خان:کسٹمز کی گاڑی پر پھر فائرنگ،انسپکٹر،کانسٹیبل سمیت3شہید

ڈی آئی خان:کسٹمز کی گاڑی پر پھر فائرنگ،انسپکٹر،کانسٹیبل سمیت3شہید

ڈیرہ اسماعیل خان(نیوزایجنسیاں)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان کسٹم کے انسپکٹر اور کانسٹیبل سمیت3 افراد شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا،چاردن میں کسٹم اہلکاروں پرفائرنگ کایہ دوسراواقعہ ہے۔

 پاکستان کسٹم اینٹی سمگلنگ یونٹ کے اہلکاروں کی گاڑی پر سی پیک پر یارک ٹول پلازہ کے قریب فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں تیس سالہ کسٹم انسپکٹر حسین سکنہ ہزارہ ، چھبیس سالہ سپاہی ضیاد خان سکنہ ہری پور اورپچیس سالہ شہری عامر خٹک سکنہ کرک موقع پر شہید ہو گئے جبکہ پچیس سالہ اجمل سکنہ شورکوٹ زخمی ہو گیا، واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس اور سکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان تھانے کی حدود میں کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،سمگلنگ میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا،وزیرداخلہ نے شہدا کیلئے مغفرت اور انکے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کسٹمز ملازمین پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کڑے وقت میں ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ایف بی آر اور پاکستان کسٹمز سمگلنگ کی لعنت کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپوراورگورنرحاجی غلام علی نے کسٹم اہلکاروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کسٹم اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ،گورنرنے کہا ڈی آئی خان میں کسٹمز اسکواڈ کو ایک بار پھر نشانہ بنانا قابل تشویش ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں