پنجاب میں انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری:قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے،وزیراعلیٰ مریم

پنجاب میں انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری:قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے،وزیراعلیٰ مریم

لاہور (اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں پراونشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اورتحصیل میں بھی انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔

صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کی سربراہی چیف سیکرٹری کریں گے ،ڈی جی بھی تعینات ہوگا۔ ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی کا سربراہ اے سی ہوگا ۔ انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی۔ایوان وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی ڈسٹرکٹ اورتحصیل کی سطح پر انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے ۔ اجلاس میں انفورسمنٹ اتھارٹیز کے قیام کیلئے 11 قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کی سفارشات پیش کی گئیں جن کی وزیر اعلی ٰ نے منظوری دے دی۔ انفورسمنٹ اتھارٹی کو پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضہ، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہوں گے ۔ تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کے زیر نگرانی تحصیل کی سطح پر پولیس سٹیشن اور سپیشل فورس قائم کی جائے گی۔ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی میں یونٹ انچارج، انویسٹی گیشن آفیسرز، انفورسمنٹ آفیسرز اور کانسٹیبل تعینات ہوں گے ۔ تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کو قانون پر عملدرآمد کے علاوہ مقدمہ درج کرنے ، تحقیقات اور گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے ۔ مانیٹرنگ کے لئے صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی کے دفاترقائم کئے جائیں گے ۔مریم نواز نے انفورسمنٹ اتھارٹیزکو6 ماہ میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر زراعت محمد عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں