مفاہمت سے انکار نہیں ،حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں :بیرسٹر گوہر

مفاہمت سے انکار نہیں ،حقوق کیلئے لڑ رہے ہیں :بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے کسی سے کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ ہوئے ہیں۔

رزلٹ نہیں آئے ، بشریٰ بی بی کی اینڈوسکوپی کا رزلٹ ابھی نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں،عوام کے ووٹ کی قدر ہونی چاہیے ،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں اگر مذاکرات کا کوئی پیغام آیا تو سب کو آگاہ کریں گے ، ہم مفاہمت سے انکار نہیں کررہے ، اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی دورانِ قید بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بانی چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دورانِ قید بگڑتی صحت بے حد تشویشناک اور نہایت سنجیدگی کی متقاضی ہے ۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں 21 گواہ مکمل ہوچکے ہیں،اس کیس میں جلد از جلد بانی پی ٹی آئی کو سزا دلوائی جائے گی،اعلی عدلیہ میں یہ کیس بھی سیاسی بنیادوں پر بنا ہوا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابی نتائج پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے ،پنجاب میں پہلے سے بیلٹ باکس بھرے ہوئے تھے ،بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ کمیشن بنا کر فارم 45 پر تحقیقات کرتے تو ضمنی انتخابات میں دھاندلی نہ ہوتی،الیکشن کا عملہ خود کہہ رہا ہے کہ بیلٹ باکس پہلے سے بھرے ہیں۔انہوں نے کہا جمعہ والے دن تمام حلقوں میں پرامن احتجاج ہوگا۔تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ریاستی ناخداؤں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ان کے پاس اب بھی وقت ہے وہ پیچھے ہٹ جائیں، حالات کو اس طرف نہ لیجایا جائے جہاں سے معاملات ہمارے ہاتھ سے بھی نکل جائیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو فوری طور پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان ڈاکٹرز سے ان کا علاج کروایا جائے ،جوڈیشری کو اس وقت اپناکردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بشری بی بی کو فوری طور پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں