پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا :عمران خان

پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا :عمران خان

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکہ جمہوریت قانون کی بالادستی اور شفاف الیکشن پر کھڑی ہوتی ہے ،ملک میں جنگل کا قانون ہے ،پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پولیس نے مداخلت کی۔

پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا ہے ، اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں بھی الیکشن ہوئے پولیس نے کہیں کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی اور نہ ہی دھاندلی ہوئی،ملک میں کوئی جمہوریت نہیں یہ 8 فروری سے ڈرے ہوئے تھے ،اکتوبر سے فروری تک انتخابات صرف پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے ملتوی کیے گئے ،سپریم کورٹ میں بھی ہماری پٹیشن اس لیے نہیں سنی گئی کہ وہ بھی پی ٹی آئی کے کرش ہونے کا انتظار کر رہے تھے ،پی ٹی آئی کا نام و نشان ختم کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں اخلاقیات کو ختم کر کے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا، پنجاب کا الیکشن پہلے سے پلان تھا اور ضمنی انتخابات میں پہلے ہی ڈبے بھرے ہوئے تھے ، ملک میں ادارے آئینی طور پر نہیں چل رہے ،بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کریں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی،بیرون ملک مقیم پاکستانی یہاں پیسہ اس لیے نہیں لگاتا کہ اس کو کوئی تحفظ نہیں،مستحکم حکومت کے لیے جمہوریت ضروری ہے جو صرف شفاف انتخابات کے ذریعے ممکن ہے ،ملک کا موجودہ سیٹ اپ پاکستان کے فیوچر کو نقصان پہنچا رہا ہے ،مجھ سے ڈیل کی نہ کسی نے کوئی بات کی نہ کوئی پیغام آیا،سوال یہ ہے کہ وہ مجھ سے کس بات پر ڈیل کریں گے ،آٹھ فروری کو جب پبلک ایک طرف کھڑی ہو گئی تو وہ وقت تھا بات کرنے کا،ملک کی عوام ایک طرف کھڑی ہو جائے تو کیا اس سے کوئی جیت سکتا ہے ،عدلیہ سے لوگوں کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے ،میری بیوی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اسے سزا دلوا کر ایک کمرے میں بند کر دیا گیا ، میری تینوں بہنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ،مریم نواز اور بے نظیر سیاست میں تھی میری اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں