مہنگی روٹی بیچنے والے 15نان بائی گرفتار،24مقدمات درج

مہنگی روٹی بیچنے والے 15نان بائی گرفتار،24مقدمات درج

لاہور ،گوجرانوالہ(اپنے سٹی رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر )لاہور ضلعی انتظامیہ نے روٹی و نان کی مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی پر 15 نان بائیوں کو گرفتار کر لیا جبکہ 24مقدمات درج کرائے گئے اور 70 ہزار سے زائد کے جرمانے کئے گئے ۔

صوبائی وزیر بلال یاسین نے گزشتہ روز گوجرانوالہ میں مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا اور سرکاری قیمت پر روٹی نان کی دستیابی اور وزن کاجائزہ لیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور کے ترجمان کا کہناتھاکہ گزشتہ روز 1016 مقامات کی چیکنگ کی گئی ، 955 مقامات پر سستی روٹی دستیاب تھی جبکہ 61 مقامات پر خلاف ورزیاں پائی گئیں جس پر 24 مقدمات درج کرائے گئے اور ہزاروں روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ15 نان بائیوں کر حراست میں لے لیاگیا۔دوسری طرف گوجرانوالہ میں سستی روٹی کی چیکنگ کے دوران صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کاکہناتھاکہ گوجرانوالہ میں روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں دستیاب ہے ،پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی اور نان کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیر خوراک نے کمشنر آفس میں گندم کی خریداری کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی اورگندم خریداری کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ، پنجاب بھر میں گندم خریداری کے انتظامات مکمل ہیں اور حکومتی پالیسی کے مطابق کسانوں سے 3900 روپے فی من کے نوٹیفائیڈ ریٹ پر گندم خریدی جائے گی جبکہ آئندہ فصلوں کیلئے 130ارب روپے کا کسان پیکیج لارہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں