سپریم کورٹ نے سپیکربلوچستان اسمبلی کوبحال کردیا

سپریم کورٹ نے سپیکربلوچستان  اسمبلی کوبحال کردیا

اسلام آباد (آئی این پی)سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا سپیکر کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ کس ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن نے 12پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا؟ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے 12پولنگ سٹیشنز کو دیکھا مگر دیگر کو نظر انداز کر دیا۔جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن نے نہ تو انکوائری کی نہ ہی کوئی اصول دیکھا، ڈی جی لا نے عدالت کو بتایا کہ جن 12پولنگ سٹیشنز پر زیادہ ٹرن آئوٹ کی درخواست کی گئی صرف انہی کو دیکھا گیا جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تو پورے حلقے کی دوبارہ انکوائری کروانی چاہیے تھی، اگر الیکشن کمیشن اپنا کام کر لیتا تو لوگوں کو عدالت نہ آنا پڑتا ،عدالت عظمی ٰنے پی بی 51چمن کے 12پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا الیکشن کمیشن کا حکم بھی کالعدم قراردے دیا ۔سپریم کورٹ نے تمام امیدواروں کی رضامندی سے معاملہ دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن تمام امیدواروں کو سن کر 10روز میں فیصلہ کرے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں