سعودی وفد آج پاکستان پہنچے گا، بڑی سرمایہ کاری کا امکان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب کا وفد آج اسلام آباد پہنچے گا۔

یاد رہے کہ تین روزہ پاک سعودیہ سرمایہ کاری کانفرنس کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس کیلئے سعودی عرب کا وفد پاکستان پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق وفد سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، 40 سے 50 کاروباری افراد پر مشتمل سعودی وفد پاکستان میں 2 روز قیام کرے گا، وفد میں شامل اہم شخصیات پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں تجارتی وفود کا تبادلہ ہوگا، سعودی تجارتی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں، وفد کا تعلق ٹیکنالوجی، توانائی، ہوا بازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سے ہے۔

اس موقع پر پی آئی اے اور بھاشا ڈیم ، آئی ٹی ، توانائی، خوراک، کیمیکل، گوشت، کان کنی کے متعلق معاہدے طے ہونگے جبکہ زراعت، صنعت و تجارت وغیرہ کے مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے بھی طے پائیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے متوقع مواقعوں پر مذاکرات کرے گا، وفد واپس جا کر سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کو دورے اور سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے انتظامات کے لئے 16 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں