ججز خط کے معاملہ پر آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ: رانا ثنا اللہ کے مشورہ پر پی ٹی آئی کا ردِ عمل بھی آگیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رانا ثناء اللہ کے 6 ججز کے خط کے معاملہ کو آؤٹ آف کورٹ حل کرنے کے مشورہ پر تحریک انصاف کا ردعمل بھی آگیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ رانا ثنا کا مشورہ اس امر کی توثیق ہے کہ ملک میں اس وقت آئین اور قانون کا سرے سے کوئی وجود نہیں، ہر بار خفیہ ڈیلز کے ذریعے اقتدار میں آنے والے معزز جج صاحبان کو بھی وہی روش اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ رانا ثنا کا مشورہ مداخلت کیخلاف کھڑے ہونے والے ججز کیلئے پیغام ہے کہ معاملے کو ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا جائے گا، ججز پر حملہ آور ہونیوالا گروہ آئین اور قانون کے حق میں بلند ہونے والی کوئی بھی آواز برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا پاک افغان سرحدی علاقوں میں کشیدگی پر اظہار تشویش

ترجمان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا جواب دیں کہ عدلیہ میں مداخلت کے ذمہ داران کا آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کے ذریعے کیسے محاسبہ کیا جا سکتا ہے، ہر ایک معزز جج کو گھٹیا بیان بازی کا نشانہ بنانے کے بعد انہیں ٹاؤٹس کے ذریعے ڈیلز کے شرمناک پیغامات بھجوائے جا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تحقیقات کے بجائے اس قسم کی بیان بازی حکومت کو شریک جرم ثابت کرنے کیلئے کافی ہے، رانا ثنا کا بیان 6 ججز کے معاملے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس کیس کی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی ایک کوشش ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ عدالتِ عظمیٰ رانا ثنا کے توہین آمیز بیان کا نوٹس لے اور اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں