جسٹس بابر ستارکے پاس پاکستان کے سوا کسی اور ملک کی شہریت نہیں:اسلام آباد ہائیکورٹ کا اعلامیہ

جسٹس بابر ستارکے پاس پاکستان کے سوا کسی اور ملک کی شہریت نہیں:اسلام آباد ہائیکورٹ کا اعلامیہ

اسلام آباد (دنیا نیوز،ایجنسیاں)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس بابر ستار کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت نہیں،جسٹس بابر ستار کے جج بننے کے بعد ان کے بچوں نے پاکستان سکونت اختیار کی،سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم بے بنیاد ہے ۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے اعلامیہ میں مزید کہا ہے کہ جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ کا اس وقت کے چیف جسٹس کو علم تھا، غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فرد کی وجہ سے جسٹس بابر ستار کو امریکا کا مستقل ریزیڈنسی کارڈ ملا تھا لیکن 2005 میں وہ امریکی نوکری چھوڑ کر پاکستان آگئے اور تب سے یہیں کام کر رہے ہیں،جسٹس بابر ستار نے جج بننے کے بعد کوئی رئیل اسٹیٹ اثاثہ نہیں بنایا ۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے ، سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کی خفیہ معلومات پوسٹ اور ری پوسٹ کی جا رہی ہیں، جسٹس بابر ستار، اُن کی اہلیہ اور بچوں کی سفری دستاویزات سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جارہی ہیں ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں