ترک کمانڈرکی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو

ترک کمانڈرکی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر گفتگو

راولپنڈی، اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیریکتر اوغلو نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاسے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق الگ الگ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے ترک کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔وزیردفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمدآصف اورترک لینڈ فورسز کے کمانڈرنے ملاقات میں علاقائی اور عالمی جغرافیائی سیاسی صورتحال پر مشترکہ افہام و تفہیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی تعاون میں اضافہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم پہلو ہے جس کی خصوصیات مشترکہ پراجیکٹس، مشترکہ مشقیں اور فوجی تربیت ہیں۔دونوں اطراف نے اپنی مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں