ایک ایک پیسہ قوم کی امانت، علاج کی بہترین سہولتوں پر خرچ کرینگے: مریم نواز

ایک ایک پیسہ قوم کی امانت، علاج کی بہترین سہولتوں پر خرچ کرینگے: مریم نواز

لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں کڈز ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا، ہسپتال میں نیا آئی سی یو یونٹ بنا نے کا بھی اعلان کیا اور فنڈز کے اجرا، جلد تکمیل کی ہدایت کی۔

ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں چلڈرن ہسپتال بنانے اور چلڈرن ہسپتال لاہور سے لنک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزرا کو چلڈرن ہسپتال کا متواتر وزٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز نے اسلامک(ایڈ)یو کے اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسزکے درمیان کالج بلاک کے قیام کے لئے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق،وی سی ڈاکٹر مسعود صادق اور چیئرمین اسلامک(ایڈ)محمودالحسن نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔وزیراعلیٰ نے اسلامک (ایڈ)یو کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈے کئیر سنٹر کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ بچوں کو پیار کیا اور پھول پیش کئے ۔وزیر اعلی ٰ نے ڈے کیئر سینٹر کے سٹاف کو بچوں کا بہت خیال رکھنے کی ہدایت کی اور ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔وزیر اعلیٰ نے چلڈرن اینڈوکرنالوجی وارڈ اور نومولود بچوں کے وارڈ کا بھی دورہ کیا اور والدین سے بات چیت کی۔ انہوں نے ننھے بچوں کو پیار کیا،جلد صحت یابی کی دعائیں کی۔

مریم نوازنے مریض بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ایم ایس کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بچوں کے والدین سے طبی سہولتوں اورمفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔ مریض بچے کی والدہ نے وزیر اعلیٰ سے کہا آپ سے ملنے کا بہت شوق تھا بہت خوش ہوں۔مریم نواز نے ڈاکٹرز اور نرسوں سے بھی بات چیت کی اور انکی تجاویز سنیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت پرعزم ہے ۔دور دراز علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹر کی کمی پوری کی جائے ۔ ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے ،علاج کی بہترین سہولتوں پر خرچ کریں گے ۔ ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے بہترین ہسپتال بناناچاہتے ہیں۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، عمران نذیر، سلیمان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق اوردیگر حکام بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف نے ملاقات کی۔جس میں مریضو ں کو انسولین اورگلوکو میٹرسٹرپس تک آسان رسائی مہیا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ٹائپ ون ذیا بیطس کے مریضوں کو مفت انسولین مہیا کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال بھی ہوا۔ڈنمارک کے سفیرنے مریم نواز کو پہلی خاتون وزیر علیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں انرجی، صحت، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے ،کاربن کریڈٹس اور دیگر امور میں تعاون کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ڈینش سفیرنے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ڈنمارک کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا او ر دورے کی دعوت قبول کرلی۔ملاقات میں پنجاب میں سولر اور ونڈ پاورسے بجلی پیدا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور کاربن کریڈٹس کے لئے سڑکو ں کے کنارے درخت لگا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں