گاڑیوں پر کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ

گاڑیوں پر کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تین ماہ میں اسلام آباد کے تمام تھانوں کی صورتحال یکسر تبدیل کرکے دکھاؤں گا، اسٹیبلشمنٹ اور عمرا ن خان کی ڈیل کا علم نہیں ہے۔۔۔

 ای سی ایل کمیٹی نے رولز کے تحت چند لوگوں کے نام نکالے ہیں، یہ معمول کی کارروائی ہوتی ہے، غیر قانونی طور پر جاری ہونے والے گاڑیوں پر کالے شیشوں کے تمام پرمٹ منسوخ کر دئیے ہیں۔ ایف نائن پارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے موبائل لائسنس و لرننگ وینز ، ٹریفک پولیس ایجوکیشن سروس کے اجراکے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ۔ آج کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا کو ان کی تعلیمی اداروں میں جا کر لرنر اور لائسنس کے اجرا اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کی سروس کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں،جس کا مقصد طلبا و طالبات کا وقت ٹریفک دفتروں میں آنے جانے اور قطاروں میں لگ کر ضائع ہونے سے بچانا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے اسلام آباد ٹریفک پولیس 70 سے زائد بزرگوں کے گھر جا کر لائسنس بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کرنے کا کام شروع کر دیاگیا ،ٹریفک مسائل بھی حل کرینگے ، گاڑیوں کے کالے شیشوں کے پرمٹ کے اجرا پر پابندی ہے اس کے باوجود جتنے بھی پرمٹ جاری ہوئے ان کو منسوخ کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔ تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی اسلام آباد میں من و عن عمل کریں گے ۔ پولیس کے شہدا کے اہل خانہ اور پولیس کی ویلفیئر بھی میری ترجیحات میں شامل ہیں،پولیس کا محکمہ جوائن کرنے والوں کو یہ بھی معلوم ہونا چا ہئے کہ یہ 24 گھنٹے کی نوکری ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کی ڈیل کے بارے میں کوئی علم نہیں ، جو یہ کہہ رہے ہیں کہ آرمی چیف سے ہی بات کرنی ہے ، انہی سے ڈیل کی تفصیلات معلوم کی جائیں ۔ قبل ازیں محسن نقوی نے لاہور میں گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا اوروہاں کے حالات دیکھ کر اظہاربرہمی کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر فیض الحسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد نسیم کو پاسپورٹ آفس میں بے ضابطگیوں اور ٹاؤٹس مافیاز کی موجودگی پر معطل کردیا ۔شہریوں نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو پاسپورٹ بنوانے کے لئے ایجنٹ مافیا کو رقم دینے کے ثبوت دکھائے جبکہ پاسپورٹ آفس میں ٹوکن مشین بھی خراب تھی ۔محسن نقوی نے کہا کہ عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں