وزیراعلیٰ کی 7لاکھ طلبہ کو عینک اور آلہ سماعت فراہم کرنے کی منظوری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹزیم کے شکار بچوں کے لئے پہلا سرکاری سکول لاہور میں قائم کیاجائے گا، عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا حق ہے ، طلبہ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے نجی اشتراک سے پیکٹ ملک پراجیکٹ شرو ع کیا جارہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ادارہ‘‘اے ٹی سکیل’’کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 7لاکھ طلبہ کو عینک اور آلہ سماعت فراہم کرنے کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی،پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کی سکریننگ کر کے نظر اور قوت سماعت چیک کی جائے گی ، کمزور قوت بصارت اور قوت سماعت والے طلبہ کو چشمے او رہیرنگ ایڈ دی جائیں گی ، پنجاب کے سرکاری اور نجی سکولو ں میں سکریننگ کا عمل جلد شروع کیاجائے گا،معروف ادارہ‘‘اے ٹی سکیل’’500ملین کی مالی معاونت کرے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز سے اے ٹی سکیل (ATscale)کے وفد کی ملاقات کے دوران سکولوں میں انٹرنیٹ سروسز او ردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ عوام کی خدمت کے لئے روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کرناچاہتی ہوں ،نئے دور میں نئی سوچ سے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے ، لاہور میں مفت ایمرجنسی وائی فائی کی سہولت دوبارہ شروع کر دی ۔
اے ٹی سکیل وفدنے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا عوامی خدمت کا ویژن قابل تعریف ہے ۔ ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز سے ٹی یو وی رائن لینڈ (TUV Rheinland) کمپنی، جرمنی کے ریجنل ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ بینیڈک انیسلمن (Benedik Aneselmann)نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس کیلئے ٹیکنیکل سروسز فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا-وزیر اعلیٰ نے ٹی یو وی رائن لینڈ کمپنی کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی ۔ترقیاتی پراجیکٹس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ، پروجیکٹ مینجمنٹ، سرٹیفیکیشن اور آڈیٹنگ کیلئے سروسز پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا، بینیڈک انیسلم کی پنجاب میں فلاحی منصوبوں کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی،ملاقات میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کو ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ مؤثر بنانے کیلئے اشتراک کار کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔ پنجاب میں منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔ینیڈک انیسلمن نے وزیر اعلیٰ کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے لگن کو سراہتے ہوئے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں جدت اور پائیدار حل کے لیے ٹی یو وی رائن لینڈ کے ساتھ شراکت داری کی پیشکش کو سراہااور کہاکہ ٹی یو وی رائن لینڈ اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ مزید برآں مریم نواز نے روٹی کی قیمت کم ہونے پر سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت کم ہونے پر سیاسی مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے ،مخالفین کی طرف سے جعلی نوٹیفکیشن بنائے جارہے ہیں، اتنی محنت اگر خدمت میں کی ہوتی تو یہ سب نہ کرنا پڑتا، اللہ آپ کوصبر دے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک اور وعدہ پوراکردیا،وزیر اعلیٰ آفس میں چیف منسٹر یوتھ انیشیٹیو کے تحت طلبا کوبلا سود اور آسان اقساط پر بائیکس کی ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کر لیاگیا،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ای بائیک اور پٹرول بائیک کے لئے موصول درخواستوں کی ای بیلٹنگ کی -صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ورکنگ وویمن اور سپیشل افراد کے لئے شاندار سکیمیں لارہے ہیں،بلا سود اور آسان اقساط پر بائیکس انفراسٹرکچر کی تبدیلی نہیں بلکہ کلچر کی تبدیلی ہے ۔ان شا ء اللہ جلد دوسرے فیز کا آغاز کریں گے ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے بریفنگ میں بتایا کہ طلبا و طالبات کو شفاف ای بیلٹنگ کے ذریعے ایک ہزار ای الیکٹرک بائیک اور 19000 پٹرول بائیک دی جارہی ہے ،بائیک کے حصول کیلئے ایک لاکھ 90ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کرائی ۔