اسلام آباد: 3 حلقوں کے فارم 45، 47 جمع کرانیکا حکم

 اسلام آباد: 3 حلقوں کے فارم 45، 47 جمع کرانیکا حکم

اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے وفاقی دارالحکومت کے تین حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کیس میں الیکشن کمیشن، کامیاب امیدواروں اور ریٹرننگ افسران سے آئندہ ہفتے فارم 45، گواہوں کی فہرستیں اور بیان حلفی طلب کرلئے۔۔۔

عدالت نے آئندہ ہفتے تین حلقوں کے الگ الگ کیس مقرر کرنے کا حکم دیدیا،الیکشن ٹربیونل نے انتخابات ہارنے والے امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر سے دو حلقوں کے فارم 45 طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بتائیں کہ ان دونوں حلقوں سے کون جیتا تھا،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ یہاں پر بیان ہو گا گواہی ہو گی قرآن پر حلف ہو گا،میں نے بھی خدا کو جان دینی ہے ، ٹربیونل نے عندیہ دیا کہ فارم 45 فرانزک کے لئے پاکستان یا بیرون ملک بھیج سکتے ہیں،الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے ہارنے والے تینوں امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کی، فریقین کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر الیکشن ٹربیونل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 18 دن دئیے تھے ابھی تک جواب کیوں نہیں آیا ؟ ٹربیونل نے استفسار کیا کہ این اے 48 کے آراوکی طرف سے کون پیش ہوا ہے ؟ شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ابھی کوئی نہیں آیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جو نہیں آئے ان کے اخبارات سمیت پی ٹی وی اور ریڈیو پر اشتہار جاری کریں،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریٹرنگ افسر کو حتمی وارننگ دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اگر آئندہ نہیں آئے گا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے ۔ شعیب شاہین نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن ای ایم ایس کا ریکارڈ نہیں دے رہا وہ منگوایا جائے ، الیکشن کمیشن حکام نے عدالت کو بتایا کہ سروس نہیں تھی اس لئے فزیکلی رزلٹ جمع کرایا تھا،بعدازاں الیکشن ٹربیونل نے سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا28 مئی کو علی بخاری،29 مئی کو شعیب شاہین، 30 مئی کو عامر مغل کی درخواست پر سماعت ہو گی، انجم عقیل خان ، طارق فضل چودھری ، راجہ خرم نواز کو جواب جمع کرانے کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے ہیں،2 مئی کے حکم کے مطابق ایک ہفتے میں اوریجنل فارم 45 ، 46 ، 47 بیان حلفی کے ساتھ جمع کرائیں، فریقین کے تحریری بیانات ، پیراوائز کمنٹس ایک ہفتے میں جمع کرائیں ، پٹیشنرزکے خرچہ پراخبارات اورٹی وی چینلزپر اشتہار جاری کرائے جائیں، جواب نہ آنے پر یکطرفہ کارروائی ہو گی ، الیکشن کمیشن پریذائیڈنگ افسران کی جانب سے دیئے جانے والے الیکشن مینجمنٹ سسٹم رزلٹس بھی جمع کرائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں