اسلام آباد :فلسطین کے حمایتی 2 مظاہرین کوگاڑی نے کچل دیا

 اسلام آباد :فلسطین کے حمایتی 2 مظاہرین کوگاڑی نے کچل دیا

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ڈی چوک میں فلسطین کے حق میں جاری دھرنے پر گاڑی چڑھانے کے واقعہ میں 2 مظاہرین جاں بحق ہو گئے۔۔۔

واقعہ میں تین کارکن زخمی ہوئے تھے جن میں سے بعدازاں2چل بسے ، انجمن طلبہ اسلام انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے جاں بحق کارکن رومان ساجدکی نماز جنازہ ڈی چوک میں ادا کر دی گئی،انجمن طلبہ اسلام نے آج یوم سوگ اور جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ،ترجمان جماعت اسلامی اسلام آباد کے مطابق نامعلوم شخص نے دھرنے میں بیٹھے شخص پر پولیس کی موجودگی میں گاڑی چڑھائی، واقعہ میں دو ساتھی شہید ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق پولیس نے گاڑی میں سوار شخص کو حراست میں لے کرگاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کردیا ہے ، ڈرائیور کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کے ڈی چوک میں جاری سیو غزہ دھرنے پہ رات 2 بجے کے قریب سڑک پر بیٹھے مظاہرین پر نامعلوم افراد نے گاڑی چڑھا دی۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس خون ناحق کی ذمہ دار حکومت اور اسلام آباد پولیس ہے ، 8 روز سے جاری پرامن دھرنے پر سوچی سمجھی سازش کے تحت حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے ۔ موقع پر موجود پولیس کی مجرمانہ خاموشی پر کارروائی کی جائے ،یہ کوئی سیاسی دھرنا نہیں ہے ،بعدازاں سابق سینیٹرمشتاق احمد نے جاں بحق کارکن رومان ساجدکی نمازجنازہ پڑھائی جس میں انجمنِ طلبہ اسلام کے مرکزی صدر سید حسنین نوری،ناظم انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی احمد علی اعوان اورشہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں