طوفان باد وباراں میں حادثات،3بچوں سمیت 6جاں بحق

طوفان باد وباراں میں حادثات،3بچوں سمیت 6جاں بحق

اسلام آباد، لاہور، نارووال(اپنے رپورٹرسے ، ویمن رپورٹر،خبر نگار ،نمائندہ دنیا، مانیٹرنگ ڈیسک) طوفان بادوباراں میں آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 3بچوں سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے۔

 گوجرخان میں طوفانی ہواؤں اور بارش کے سبب حادثات میں 3بچے جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے ،ریسکیو ذرائع نے بتایا نواحی علاقہ سنگنی میں چھت گرنے سے 14 سالہ اریبہ جاں بحق ہو گئی، چنگا بنگیال میں چھت گرنے سے 8 سالہ ظل حسن اور 9 سالہ حیدر عباس جان کی بازی ہار گئے ۔15 زخمیوں کو تحصیل ہسپتا ل منتقل کیا گیا، جن میں سے 12 سالہ علیزے اور 4 سالہ فرحان کو زخمی حالت میں راولپنڈی ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا ۔پسرور کے نواحی گاؤں بھاگ میں چچا بھتیجا کھیتوں میں چارا کاٹ رہے تھے کہ آسمانی بجلی گر پڑی اور دونوں 32سالہ راحیل اور 12 سالہ محمد علی جھلس کر موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ سیالکوٹ میں کشمیر روڈ پر محلہ اسلام نگر میں کباڑ خانے کی خستہ حال دیوار گرنے سے 2 افراد ملبے تلے دب گئے ۔ریسکیو ون ون ٹو ٹو نے ملبے سے عاقب اور قمر کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا جہاں 27سالہ عاقب دم توڑ گیا۔ اسلام آباد میں آندھی کے باعث پی ٹی آئی دفتر کے باہر درخت گر گیا جس کے باعث 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ گزشتہ روز چکوال، تلہ گنگ اور گرد و نواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ راولپنڈی ، اسلام آباد کے بعض علاقوں ، ٹیکسلا اور گردونواح میں آندھی کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت کم ہو گئی ۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرات کی پیشگوئی کی گئی۔رواں دنوں میں درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دئیے گئے ۔ محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں