پختونخوا: سکیورٹی فورسز کے 2 آپریشن، 17 دہشتگرد ہلاک، 5 جوان شہید

پختونخوا: سکیورٹی فورسز کے 2 آپریشن، 17 دہشتگرد ہلاک، 5 جوان شہید

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار)خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2الگ کارروائیاں کیں اور موثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا پتا لگایا۔ ڈسٹرکٹ ٹانک میں گزشتہ روز آپریشن کیا گیا جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے ۔ضلع خیبرکے علاقے باغ میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 7دہشت گرد مارے گئے اور2زخمی ہوئے جبکہ پانچ بہادر جوان کہوٹہ کے رہائشی 32سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30سالہ لانس نائیک سید دانش افکار،ضلع لیہ کے رہائشی 32سالہ سپاہی تیمور ملک، ضلع با غ کے رہائشی 22سالہ سپاہی نادر صغیر اورضلع خوشا ب کے رہائشی 23سالہ سپاہی محمد یاسین شہادت کے رتبے پر فائزہوئے۔ ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ان علاقوں میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کے پیش نظر سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، مسلح افواج مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ جام شہادت نوش کرنیوالے 5جوانوں کی نماز جنازہ گزشتہ روز پشاور گیریژن میں اداکردی گئی اور ان کی میتیں پورے فوجی اعزازکے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ۔نمازجنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر،فوجی اور سول حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعدازاں چیف آف آرمی سٹاف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونیوالے جوانوں کی خیریت دریافت کرنے کیلئے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا،جنرل عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور پوری قوت اور جذبے کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے قوم کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔یادرہے 26مئی کو خفیہ اطلاعات پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا تھا جس میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور متعدد ٹھکانے تباہ کر دئیے تھے۔

رحیم یارخان کے 25سالہ کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور کرک کے 36سالہ حوالدار شفیق اللہ شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ٹانک اور باغ ضلع خیبر میں افواج پاکستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افسروں و جوانوں کو خراج تحسین اورجام شہادت نوش کرنے والے 5 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا ہ کئے بغیر دہشتگرد عناصر کی سرکوبی کیلئے کارروائی کی، اللہ رب العزت شہدا کے درجات بلند اور انکے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ،مجھ سمیت پوری قوم شہدا کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں