سانگھڑ سے زخمی اونٹ کراچی منتقل ، مصنوعی ٹانگ لگائی جائیگی

سانگھڑ سے زخمی اونٹ کراچی  منتقل ، مصنوعی ٹانگ لگائی جائیگی

کراچی (این این آئی) سانگھڑ سے متاثرہ اونٹ کو کراچی منتقل کردیا گیا ۔متاثرہ اونٹ کا اینیمل سینچری میں علاج جاری ہے ۔ پی پی رہنما وسینیٹر شازیہ مری نے کہا کہ کوشش ہے کہ اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگے جس کے لئے کمپنیوں سے رابطے کر رہے ہیں ۔

 اینیمل ویلفیئر کمیٹی کے ارکان اور رہنما پیپلز پارٹی جام شبیر اور سمیتا سید نے زخمی اونٹنی کو اپنی نگرانی میں کراچی پہنچایا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اونٹ کامکمل علاج کیا جائیگا اورمصنوعی پاؤں لگایا جائے گا۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کسی بے زبان کے ساتھ اس قسم کا وحشیانہ سلوک قابلِ مذمت ہے ۔ اس وحشیانہ واقعہ میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے تاکہ دوبارہ کوئی ایسے جرم کا مرتکب نہ ہو۔ سینیٹر قرۃ العین مری نے کہا کہ پاکستان میں بے زبان جانوروں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم پر آواز اٹھانی ہوگی۔ علاوہ ازیں فلاحی ادارے شیلٹر اینمل کے منیجر نے کہا ہے کہ متاثرہ اونٹ کا مالک ملزمان کی نشاندہی نہیں کر رہا۔ ایک بیان میں منیجر نے کہا کہ ایف آئی آر اس لیے نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے ، اونٹ کے مالک کو معاوضہ دے دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں