حجاج کی رمی اور قربانی ،پاکستان میں آج عید منائی جائیگی

حجاج کی رمی اور قربانی ،پاکستان میں آج عید منائی جائیگی

مکہ مکرمہ ، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی) دنیا بھر سے 18لاکھ سے زائد حجاج نے مناسک حج ادا کرتے ہوئے شیطان کو کنکریاں ماریں اور مزدلفہ پہنچ کر رات کھلے آسمان تلے گزاری ۔

 مزدلفہ میں نماز فجر کی ادائیگی اور طلوع آفتاب کے بعد واپس منیٰ میں اپنے خیموں میں پہنچے جہاں پہلے روز انہوں نے بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوائے اور احرام کی حالت سے باہر آ گئے ۔ حجاج مزید تین دن تک منی ٰمیں قیام کریں گے ۔ بیت اﷲکے طواف زیارت اور تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد مناسک حج مکمل ہو جائیں گے ۔پاکستان سمیت دنیا بھر سے 18لاکھ 33ہزار 164افراد نے حج کی سعادت حاصل کی۔سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے کہا ہے کہ ملکی حجاج کرام کی تعداد 2لاکھ 21ہزار 854رہی۔ اتھارٹی کے اعدادو شمار کے مطابق اندرون و بیرون ملک مقیم مجموعی تعداد میں سے مرد وں کی تعداد 9لاکھ 58ہزار 137،خواتین کی 8لاکھ 75ہزار 27رہی۔سعودی عرب کے وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی خدمت سب سے اہم فرض ہے ،ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حج سیزن پر اٹھنے والے اخراجات کا حساب نہیں لگاتا۔ ہمارا مقصد محفوظ حج موسم کو یقینی بنانا اور مناسک کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا ہے ۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز چوبیس گھنٹے حج سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان میں عید الاضحی آج پیر17جون کومذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی، ملک بھر کے طول ور عرض میں نماز عید کے ہزاروں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے ،نماز عید کے بعد جانوروں کی قربانی کی جائے گی ۔عید کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ریسکیو 1122 اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے ۔ حکومتی ہدایات کی روشنی میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ضلعی حکومتوں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹی ایم ایز و ٹاؤنز کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں