ٹریفک حادثات:خاندان کے5افراد،پولیس اہلکاروں ،سیاحوں سمیت21جاں بحق

ٹریفک حادثات:خاندان کے5افراد،پولیس اہلکاروں ،سیاحوں سمیت21جاں بحق

شیخوپورہ،قصور، پتوکی ، فیروزوالہ،لسبیلہ،اسلام آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر،خبرنگار، تحصیل رپورٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک)عید،ٹرو اور مرو کے ایام میں شیخوپورہ ،قصور، پتوکی ،فیروزوالہ اور گردونواح میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی فیملی کے 5 افراد سمیت21 افراد جاں بحق اور 18شدید زخمی ہوگئے ۔

قصبہ سچا سودا کے قریبی گاؤں پنڈور کے قریب لینڈ کروزر سوار گاڑی کو زگ زیگ کرتے ہوئے سامنے سے آنیوالے موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا جس سے موٹرسائیکل سوار ایک ہی فیملی کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ چونگی امر سدھو کا رہائشی شہزاد اپنی بیٹیوں ،بیٹوں اور بھانجی کے ہمراہ گجرپورہ جارہا تھا ، حادثہ میں شہزاد اسکے بیٹے فیضان ، سفیان، بیٹیاں فضہ اور مہک موقع پر جاں بحق جبکہ اسکی بھانجی نور ریاست شدید زخمی ہوگئی۔ فاروق آباد کا وقاص عرف وکی لینڈ کروزر کرایہ پرلیکر چلا رہاتھا ۔ملزم موقع سے فرار ہوگیا،تھانہ صدر فاروق آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے گرفتار کرلیا ۔کالاشاہ کاکو کے قریب جی ٹی روڈ پر حادثات میں10 مسافر شدید زخمی ہوگئے ۔ اتحاد کیمیکلز سٹاپ کے قریب تیز رفتار رکشہ بے قابو ہوکر الٹ گیا ،ایک ہی فیملی کے 5 افراد ثنا ،عظمت ودیگرزخمی ہوگئے ۔ کچے کوٹھے سٹاپ پر کیری ڈبے کی موٹر سائیکل کو ٹکرسے دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ لاہور روڈ گلاس ساز فیکٹری کے قریب چین ٹوٹنے سے رکشہ الٹنے سے 5 افراد 32سالہ معراج اور چار بچے میرب ، حسنین ،زین ریاض اور زورین ریاض زخمی ہوگئے ۔

لاہور روڈ پر تھانہ صدر کے علاقہ میں تیزرفتار ٹرک کار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گیا جس سے نوجوان حبیب ہلاک اوراسکے دو ساتھی زخمی ہو گئے ۔دیپالپور روڈ پرققیریے والا کے قریب تیز رفتار سرکاری گاڑی نے موٹر سائیکل سوار وں کو بری طرح روند ڈالا،حادثے میں 12سالہ لڑکا موقع پر جاں بحق اوراس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا جسے بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلہ روڈ شیخم اڈہ کے قریب تیز رفتار کار سوار نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماردی جس سے حجرہ شاہ مقیم کی رہائشی دو بہنیں 16سالہ فاطمہ او ر 2سالہ عائشہ موقع پر دم توڑ گئیں ، انکا والد غلام رسول زخمی ہوگیا۔ گہلن پھاٹک کے قریب کار کی ٹکر سے حبیب آباد کا رہائشی 50سالہ عبادت علی اور اسکا17سالہ بیٹا رضوان شدید زخمی ہو گئے ۔ نظام پورہ کا رہائشی 38سالہ اسلم موٹرسائیکل پر 35سالہ بیوی خدیجہ اور 3سالہ بیٹی مریم کے ہمراہ کمال چشتی موڑ سے مان گاؤں جارہاتھا کہ گنڈاسنگھ روڈ پرکیسرگڑھ کے نزدیک تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالر نے ٹکر ماردی، خدیجہ موقع پر جاں بحق، اسلم اور مریم زخمی ہوگئے ۔

تھانہ مصطفی آباد کے علاقہ رحمان پورہ گرین کوٹ روڈ پر گاڑی نے نامعلوم عورت کو ٹکرمارکر کچل دیا ، وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ روڈ کوٹ قصور کا رہائشی 36سالہ رمضان گول چکر شہبازخاں روڈ قصور میں پیدل سڑک کراس کررہاتھا کہ تیزرفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے زخمی ہوگیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ کے سکواڈ میں شامل موبائل پولیس کی گاڑی کا ٹائرپھٹنے سے 5 اہلکارنادر ، رفیق ، صالح ،عرفان اوررشید جاں بحق اور مولابخش اور علی رونجہ زخمی ہوگئے ، پولیس موبائل دریجی سے اوتھل جارہی تھی۔ گلگت میں سیاحوں کی گاڑی کھائی میں جاگری، ایک خاندان کے 5 جاں بحق ہوگئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق وادی نلتر سے واپسی پر مقامی سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی ، ایک شخص زخمی بھی ہوا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور بچے شامل ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں