ہنر مند افرادکی منتقلی سے انسانی سمگلنگ میں کمی آئیگی :وزیرداخلہ

ہنر مند افرادکی منتقلی سے انسانی سمگلنگ میں کمی آئیگی :وزیرداخلہ

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے ملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، بارڈر سکیورٹی، امیگریشن، غیر قانونی انسانی سمگلنگ اور منشیات سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے ، غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ، اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہم امیگریشن کے سسٹم میں بھی جدت اور بہتری لا رہے ہیں، الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے نظام میں مزید بہتری لا رہے ہیں، 24 گھنٹے میں ویزا جاری کیا جائے گا۔پاکستان مختلف شعبوں میں کینیڈا کو ہنر مند افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے ، ہنر مند افرادی قوت کی کینیڈا منتقلی سے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے واقعات میں کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے ۔کینیڈین ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں