ریلیاں نکالنے پرپی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات ،4 نظر بند

ریلیاں نکالنے پرپی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات ،4 نظر بند

راولپنڈی ،فیصل آباد ،جھنگ ،بہاولپور،رحیم یارخان(خصوصی نامہ نگار،دنیانیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر) دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف شہروں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے پی ٹی آئی کے 4 رہنماؤں کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ضلع انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ریلی نکالنے پر سرکار کی مدعیت میں تھانہ بنی گالہ میں مجموعی طور پر 9 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ، مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماشعیب شاہین ،عامر مسعود مغل اورعالمگیر خان سمیت 11 افراد کو نامزدکیاگیا ہے ،ایف آئی آر کے مطابق ملزموں نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی،سرکاری گاڑی پر پتھراؤ کیا اور پولیس اہلکاروں کی وردی پھاڑی جبکہ وائرلیس سیٹ بھی زبردستی چھین لیا۔ جھنگ اورفیصل آباد میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے نکالی جانے والی ریلیوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ۔ سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے شیخ وقاص اکرم سمیت ریلیوں کی قیادت کرنے والے کئی رہنما اور کارکنوں کو مقدمات میں نامزد کیاگیاہے ۔وہاڑی میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے احتجاج کے دوران گرفتار ہونیوالے سابق ایم این اے طاہر اقبال چودھری اورکی ضمانتیں سیشن کورٹس نے منظور کرلیں اور رہائی کا حکم دے دیا ۔کوٹ ادو میں احتجاجی ریلی کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس کانسٹیبل کو مبینہ طورپرمحبوس بنانے پرایم پی اے احسن علی قریشی سمیت 49 افرادکیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔رحیم یار خان کے چک 224پی اڈا میں ریلی نکالنے ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ ،رکن پنجاب اسمبلی نعیم شفیق ،آصف جاوید اوردیگرنامعلوم افراد سمیت 24افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔بہاولپور میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے متعددکارکنوں کودفعہ 144 کی خلا ف ورزی پرگرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے پی ٹی آئی کے 4 رہنماؤں شہریار ریاض، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر راجہ، چودھری امیر افضل اور تیمور مسعود اکبر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل میں نظر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی نظر بندی کی سفارش محکمہ پولیس نے کی تھی جس کی توثیق ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے 20جون کی میٹنگ میں کی۔ 15 روزہ نظر بندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کئے گئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں