پنجاب میں کہیں تیز،کہیں ہلکی بارش،لاہور گرم رہا

پنجاب میں کہیں تیز،کہیں ہلکی بارش،لاہور گرم رہا

اسلام آباد ،لاہور(اپنے رپورٹرسے ، نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں تیزکہیں ہلکی بارش کاسلسلہ جاری، تیز ہواؤں سے بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا۔ لاہور میں دن بھر شدید گرمی رہی جبکہ شام کو ہوا چلی جس سے موسم قدرے بہتر ہوا ،

 سیالکوٹ،شکرگڑھ، اسلام آباد،راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے ، کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہی ۔بالائی خیبر پختونخوا ، کشمیر اور زیریں سندھ میں بھی چند مقامات پربارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، خطۂ پوٹھوہار ،کشمیر، شمال مشرقی پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا اورشمال مشرقی بلوچستان میں آج بارش کا امکان ہے ،بارشوں کاسلسلہ7 جولائی تک جاری رہے گا ۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش قصور28،گوجرانوالہ،اسلام آباد 7، سندھ کے علاقے نگر پارکر15، خیبرپختونخوا بونیر میں 7 ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 832 میگاواٹ تک پہنچ گیا جسکے باعث مختلف علاقوں میں8سے 20 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ،گرمی کے ستائے لوگوں کاجینامحال بناہواہے ۔ الہٰ آباد میں شدید گرمی اور حبس سے 3 مسافر جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں منتقل کر دیا ، تینوں مسافروں کا پتہ نہ چل سکا کہ وہ کہاں کے رہائشی ہیں،ورثا کی تلاش کی جا رہی ہے ۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 48،دالبندین47،تربت،بھکر،اٹک اور نورپورتھل میں46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں