عدت نکاح کیس: 12جولائی تک اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہے :عدالت

عدت نکاح کیس: 12جولائی تک اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہے :عدالت

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر 8 جولائی تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ 12 جولائی تک اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہے ۔

 گزشتہ روز سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے مسلم لا کے حوالے سے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دئیے اور کہا کہ فیملی لا ذاتی قانون کا حصہ ہے اس لیے ایسے کیسز شریعت کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اگر یونین کونسل کا پروسیجر مکمل نہیں بھی ہوتا تو طلاق موثر ہو جائے گی، اس کیس میں ان کیسز کا حوالہ دیا گیا جس میں عدت کا کوئی ذکر ہی نہیں ، خاتون یونین کونسل کے سرٹیفکیٹ کے بغیر بھی نکاح کر سکتی ہے ، اگر اس طرح سے چلتا رہا تو ہر سال ہزاروں شادیاں کالعدم قرار دینی پڑ جائیں گی ، سلمان اکرم راجہ نے خاور مانیکا کے ٹی وی کے انٹرویو کا حوالہ دیا اور کہا کہ انٹرویو میں خاور مانیکا بشریٰ بی بی کو پاک باز اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روحانی تعلق کا کہہ رہے ہیں ، عدت مکمل ہونے کے مختلف حوالہ جات موجود ہیں ، عدت کے 39 دن بھی قابل قبول ہیں ، فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو یہ ریفرنس ماننے چاہئیں تھے یا ثبوت مانگے جا سکتے تھے ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جی ۔ عدالت کی جانب سے ثبوت مانگے جا سکتے تھے ، خاور مانیکا ،لطیف سمیت سارے گواہوں کے بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں ،بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں آج تھوڑی دیر کے لیے دلائل دوں گا ، فاضل جج نے کہا کہ 8 تاریخ تک کوشش کریں کیس مکمل ہو جائے ۔ سلمان صفدر نے کہا کہ میں کل دستیاب نہیں ہوں گا ، سوموار 9 بجے دلائل شروع کرکے دو گھنٹے میں مکمل کرلوں گا ۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل کے انتظامی معاملات میں مداخلت،ملاقاتوں اور مشاورت میں رکاوٹ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہے میجر اور کرنل کو کیسے فریق بنایا جا سکتا ہے ؟ ،جس پر شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے بتایاکہ ہم نے میجر یا کرنل کو فریق نہیں بنایا وزارت دفاع کو فریق بنایا ،سابقہ جو عدالتی احکامات تھے وہ بھی ساتھ منسلک ہیں ،عدالت نے درخواست پر لگائے گئے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دو کرتے ہوئے درخواست کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات میں بنی پی ٹی آئی کی حاضری کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزموں کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو ملزمان اگلی سماعت میں پیش نہیں ہوں گے انکو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید ،شہریار آفریدی ، فیصل جاوید ، راجہ خرم نواز ،علی نواز اعوان اسد قیصر ودیگر کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام ملزموں کو بری کردیا ۔ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں