لوڈشیڈنگ:مہمندباجوڑ شاہرا ہ پر دھرنا ،سبی میں گرڈ سٹیشن پر حملہ

لوڈشیڈنگ:مہمندباجوڑ شاہرا ہ پر دھرنا ،سبی میں گرڈ سٹیشن پر حملہ

لاہور،پشاور،کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)شدید گرمی کے دوران ملک بھر میں 6سے 21 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ، گرمی کے ستائے تاجروں اور شہریوں کا خبیرپختونخوامیں مہمندباجوڑ شاہرا ہ پر دھرنا جبکہ بلوچستان کے علاقے سبی میں گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔

یکہ غنڈ بازار کے تاجروں اور عوام نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور ٹیسکو کی جانب سے تاجروں اور عوام پر ایف آئی آر کیخلاف مظاہرہ اور شٹر ڈائون ہڑتال کی۔ مظاہرین کے مین مہمند باجوڑ شاہراہ پر دھرنا سے ایک گھنٹہ تک ٹریفک معطل رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ سے کاروبار بری طرح متاثر اوردیہاتی علاقوں میں بجلی نہ ہونے سے پانی کی شدید قلّت پیدا ہو گئی ہے ۔ تاجروں اور عوام پر ایف آئی آر فوری واپس لی جائے ۔ ضلعی صدر اے این پی ملک سیف اللہ مہمند اور مہمند سیاسی اتحاد کے صدر جنگریز خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر 3دن تک لوڈ شیڈنگ میں کمی اور ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو بھر پورتحریک چلائیں گے ۔ مہمند میں دو ڈیم ہونے کا کیا فائدہ، رائلٹی دینا تو دور کی بات ہمیں بجلی بھی نہیں دی جارہی ۔ پشاور میں 12 سے 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پرشہری بلبلا اْٹھے ، سخت احتجاج کاعندیہ دیدیا۔ ادھر سبی میں طویل لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیااورتوڑ پھوڑ کی،بیرونی دیوار گرادی ،گر ڈسٹیشن کے باہر دھرنا بھی دیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سبی کے دیہی فیڈرز پر 21 اور شہری فیڈرز پر 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔دھرنے کے دوران گرمی کی شدت سے 5 افراد بے ہوش ہوگئے ۔لاہور میں بارش سے لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، شاہ جمال کالونی ودیگرکئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں