دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طالبان کی یقین دہانیاں اہم پیش رفت

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے طالبان کی یقین دہانیاں اہم پیش رفت

(تجزیہ سلمان غنی ) حکومت کی جانب سے آپریشن عزم استحکام بارے اتفاق رائے کے لئے کوششیں شروع ہیں اور اس کا عملی اظہار حکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے ہو گا۔

جس میں اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی سمیت دیگر قوتوں کی جانب سے آمادگی ظاہر کی جا چکی ہے اور اب حکومت کو اس ضمن میں حتمی تاریخ کا اعلان کرنا ہے ۔امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ عمل عاشورہ کے بعد ہو گا۔اپوزیشن کی آمادگی کو بھی اہم قرار دیا جا سکتا ہے ،اس جنگ کو لیڈ کرنے کا کردار سیاسی قیادت کو سونپنا چاہئے ۔ اس حوالے سے شنگھائی کانفرنس میں وزیر اعظم کی خطہ کے ممالک سے مشاورت بھی اہم ہو گی ،طالبان انتظامیہ دھشت گردی کے خاتمہ میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی یقین دہانیاں کرا رہی ہے جسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے ،دوسری جانب آپریشن عزم استحکام کی کامیابی براہ راست سیاسی استحکام کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف اگر اکانومی پر چارٹر کے لئے ماضی کے وزیر اعظم کی طرف صلح کا ہاتھ بڑھا سکتے ہیں تو اب خود وزیر اعظم کی حیثیت سے بڑا دل کر کے بڑا کردار بھی ادا کر سکتے ہیں ،سیاسی استحکام کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپوزیشن کے لئے جذبہ خیر سگالی ضروری ہے ،اگر ایک دوسرے پر ملک دشمنی اور کرپشن کے الزامات لگتے جائیں گے تو اس کا نقصان شاید فریقین کا نہ ہو ،جتنا ملک کا ہوتا ہے ،اس کے مضر اثرات معیشت پر پڑتے ہیں اور پڑے ہیں لہذا وقت کی آواز یہی ہے کہ ملک کو دھشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا اور استحکام کی منزل پر لانے کے لئے ضروری ہے کہ ضد، ہٹ دھرمی سے نجات حاصل کر کے قومی جذبہ بروئے کار لایا جائے اور یہی جذبہ ملک کو معاشی حوالے سے آگے لے جائے گا اور یہی جذبہ معاشی بحالی اور ترقی کی منزل پر پہنچنے کا باعث بنے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں