شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ،کیپٹن سمیت4جوان شہید

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ،کیپٹن سمیت4جوان شہید

راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،نامہ نگار) شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 4جوان شہید ، 2دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف جوان مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد جام شہادت نوش کر گئے ، کیپٹن اسامہ کا تعلق راولپنڈی سے ہے ، انہوں نے اکتوبر 2020ء میں پاکستان آرمی کی این ایل آئی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد 4 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیتے رہے ۔کیپٹن اسامہ کے سوگواران میں والد، والدہ، بھائی اور 4 بہنیں شامل ہیں،ادھرجنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید ہوگئے ۔

شہید ہونے والوں میں 24 سالہ سپاہی زین علی کا تعلق بہاولنگر ، 30 سالہ اسد اللہ کاتعلق مٹیاری اور 28 سالہ محمد سفیان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا،دریں اثنا کیپٹن اسامہ شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور حاضر و ریٹائرڈ فوجی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ فوجی جوانوں اور شہید کے لواحقین نے بھی بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پُرعزم ہے ۔ یہ قربانیاں ہر قسم کی دہشت گردی کو شکست دینے کے ہمارے عزم کی عکاس ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں