عمران خان اور بشریٰ سے نیب کی پھر ایک گھنٹہ تفتیش

 عمران خان اور بشریٰ سے نیب کی پھر ایک گھنٹہ تفتیش

اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر، اپنے خبر نگار سے ، خبر نگار ) نئے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے نیب ٹیم نے تفتیش کا چوتھا مرحلہ مکمل کر لیا ۔ٹیم نے ملزموں سے توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے تفتیش کی۔

تفتیش میں ملزموں سے تحفہ میں ملنے بلگیری جیولری سیٹ سے متعلق چند سوالات کئے گئے ،نیب ٹیم نے تقریبا ایک گھنٹہ تک تفتیش کی،بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی سے تفتیش کرنے والی نیب ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون اور ڈپٹی ڈائریکٹر مستنصر عباس شامل تھے ۔نیب نے ملزموں کا احتساب عدالت سے 8روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے ۔نیب ٹیم ملزموں کو 22جولائی کو دورباہ تفتیشی پیش رفت رپورٹ کے ساتھ عدالت پیش کرے گی۔ ادھر بشری ٰبی بی سے بیٹیوں اور وکیل نے ملاقات کی ۔ملاقات میں بشریٰ بی بی کی صحت،خاندانی،گھریلو امور،زیر تفتیش نیب ریفرنس پر بات چیت کی گئی۔ملاقات کرنیوالوں میں وکیل رائے سلمان،قریبی عزیزعبید ریاض، بشریٰ بی بی کی بیٹیاں مبشرہ اور مہر النساء شامل تھیں۔دوسری طرف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان ریاض گل،خالدیوسف چودھری کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایاگیاکہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی شامل تفتیش ہوئے ۔ گرفتاری کی ضرورت نہیں، عدت کیس میں رہائی کے فوراً بعد بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی ضرورت نہیں،اعلیٰ عدلیہ نے بار بار کہاکہ صرف نامزد ہونے پر کسی بھی شخص کو فوراً گرفتار نہ کیا جائے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ گرفتاری غیر قانونی ہے رہا کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقاتوں کیلئے دائر درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کی فہرست جمع کروا دی۔جس پر شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہمیں دیکھنے دیں کہیں جیل سماعتوں کی ملاقاتوں کو شامل تو نہیں کر دیا گیا،ہمارے دونوں اپوزیشن لیڈرز سمیت رہنماؤں کو چار گھنٹے کھڑا رکھ کر ملاقات نہیں کرائی گئی،بانی پی ٹی آئی اور ملاقات کرنے والوں کے درمیان بڑا شیشہ لگا دیا گیا ،کوئی دستاویز لے دے نہیں سکتے ، اونچا بولنا پڑتا ہے ،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہاکہ یہ بالکل بھی قابلِ قبول نہیں ۔عدالت نے کیس کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی نے بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے اور ویڈیولنک کے ذریعے اے ٹی سی لاہور میں پیشی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ جس میں ستدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔درخواست میں پنجاب حکومت اور سی سی پی او لاہورسمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج ہونے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے رجسٹرار افس کا اعتراض ختم کر دیا۔سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے دس ارب روپے ہتک عزت کے دعویٰ کا تحریری حکم جاری کر دیا ۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے ہتک عزت کیس میں تحریری حکم کے مطابق متفرق درخواست پر دلائل کے لیے وکلا کو 13 اگست کو طلب کر لیا ۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے نئے وکیل میاں محمد حسین نے وکالت نامہ پیش کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں