امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن انتقال کر گئیں

امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس  کی سربراہ شیلا جیکسن انتقال کر گئیں

ٹیکساس،اسلام آباد (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں ،ان کی عمر 74 برس تھی۔

ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلاجیکسن لی طویل عرصے سے لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔شیلا جیکسن سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں۔ سال 2022 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ان کی خدمات کے عوض ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔دریں اثنا صدر آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے شیلا جیکسن لی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ان کا کردار برسوں یاد رکھا جائے گا۔شیلا جیکسن کی جمہوریت اور پاکستان کے عوام سے وابستگی طویل تھی ۔پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ان کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں، سیلاب کی مشکل گھڑی میں ان کی مدد سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو امید اور ریلیف ملا۔ یاد رہے گزشتہ ماہ شیلاجیکسن نے انکشاف کیا تھا کہ وہ لبلبے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور زیر علاج ہیں تاہم اس کی تشخیص پر پتہ چلا کہ وہ کینسر کی آخری سٹیج پر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں