عمران اور بشریٰ کے جسمانی ریمانڈ میں 7یوم کی توسیع

 عمران اور بشریٰ کے جسمانی ریمانڈ میں 7یوم کی توسیع

راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور(اپنے نامہ نگارسے، خبرنگار، کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 7یوم کی توسیع کر دی اور نیب کو ہدایت کی ہے کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

ریفرنس کی مزید سماعت 29جولائی کو ہو گی ۔نیب ٹیم نے ملزموں کی تفتیش میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ عدالت پیش کرتے ہوئے سابق چیئرمین اور بشریٰ بی بی کے مزید14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے 7روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کو مزید تحقیقات کی اجازت دے دی ۔اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گواہ سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال پر جرح مکمل ہونے کے بعد ریفرنس کی سماعت 26جولائی تک ملتوی کر دی۔ خیبر پختونخواکے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عدالت کے روبرو ریکارڈ میں ترمیم کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے ترمیم شدہ بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے ملزموں کے وکلا نے 33گواہان پر جرح کی کارروائی بھی مکمل کر لی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست پررجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔سماعت25 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں بین الاقوامی قوانین کے تحت سہولیات فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوارالحق پنوں کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف درخواستیں واپس لینے کی بنا پر نمٹادیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا،عدالت نے درخواستیں آج سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی،بشریٰ بی بی نے درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیلات کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا کہ درج مقدمات اور انکوئری کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ درخواست کے حتمی فیصلے تک پنجاب کے کسی مقدمے میں گرفتاری نہ ڈالی جائے ۔ علاوہ ازیں لاہور پولیس 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش نہ کرسکی، بانی پی ٹی آئی نے وکلا کی عدم موجودگی میں شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔لاہور پولیس کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کے شامل تفتیش ہونے سے انکار پر اڈیالہ جیل سے واپس چلی گئی، لاہور پولیس کی ٹیم نے 14 جولائی کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی، انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے 15 جولائی کو 12 مقدمات میں دس روز کا ریمانڈ دیا تھا۔ریمانڈ کا آج آٹھواں دن تھا، بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافی، فوٹو گرامیٹری ٹیسٹ بھی نہ ہوسکا، پی ایس ایف کی ٹیمیں بھی اڈیالہ جیل سے واپس چلی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں