آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں، اخراجات ہم دینگے: تاجروں کی پیشکش

آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرائیں، اخراجات ہم دینگے: تاجروں کی پیشکش

لاہور،اسلام آباد،کراچی(سیاسی نمائندہ، بزنس رپورٹر،کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) تاجروں نے حکومت کو آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرانے کیلئے اخراجات دینے کی پیش کش کردی۔

گوہراعجازکاایک انٹرویو میں کہناتھاکہ میں نے حکومت کیلئے کام  کیا،اس سال ساڑھے 3 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ بڑھی، بار بارکہتا رہا بجلی کی قیمت ٹھیک ہونے تک مینوفیکچرنگ نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کا ریٹ پورے خطے میں 9سینٹ سے 16سینٹ تک ہے ، کونسا ملک ہے کہاں صنعت دوسرے کنزیومر کو سبسڈائز کرتی ہے ، کسی سیکٹرکوسبسڈی دینی ہے توحکومت کو اپنے بجٹ سے دینی چاہئے ۔سابق وزیر نے کہا کہ میں نے صرف 3 پلانٹوں کا ڈیٹا شیئر کیا ہے ، 3پلانٹوں کو 15فیصد چلنے پر 37 ہزار کروڑ روپے دے دئیے گئے ۔انہوں نے حکومتی بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں پلانٹ چلیں نہ چلیں پیسے دینے ہیں ، ان 3میں سے 2پلانٹ حکومت کے اورایک نجی کمپنی کاہے ،حکومت اپنے پلانٹوں سے متعلق کہہ رہی ہے کہ ان کا اعتماد بحال رکھنا ہے ، اپنے پلانٹوں سے بجلی بنانے پرپیمنٹ کی بات نہیں کرسکتے ، پیمنٹ کی بات کی تو حکومت ناراض ہوجائے گی۔آئی پی پیزمیں 52فیصدحصہ حکومت کااپنا ہے ، 28 فیصد نجی سیکٹر کے ہیں، حکومت اپنی 52 فیصد سے ہی کام شروع کرے اور صرف بجلی بنانے پرپیسے دے ، 24روپے کا جو یونٹ ہے وہ 8روپے کا ہونا چاہئے تھا۔

حکومت سنجیدہ ہے تو معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کرائے ، پیسے ہم دیں گے ۔دوسری طرف تاجروں اور صنعت کاروں کی وفاقی انجمن ایف پی سی سی آئی نے آئی پی پیز کے معاہدوں کو پبلک کرنے اور اب تک کی جانے والی ادائیگیوں کے فرانزک آڈٹ سمیت نیپرا میں مانیٹرنگ کیلئے عوام اور صنعتکاروں کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کردیا۔ ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر مہیمن خان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آئی پی پیز سے معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں ، ایک بجلی گھر 50 ارب میں لگا اور اسے 400 ارب روپے دے دئیے گئے ، یہ دن دیہاڑے ڈاکہ ہے ، آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ۔ آئی پی پیز کے کنٹریکٹ میں گڑبڑ ہے تو عالمی سطح پر کیس لڑا جاسکتا ہے ، ہر سیکٹر میں فیکٹریاں بند اور لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔ پنجاب آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے چیئرمین کامران ارشد نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کہاکہ ایکسپورٹ گر چکی ہے اور مزید گر رہی ہے ،حکومت کو سمجھا کر تھک گئے ہیں بجلی سستی کریں،آئی پی پیز فراڈ کر رہی ہیں۔ پچیس فیصد پر چلنے والے پلانٹس کو اربوں کی ادائیگی ہو رہی ہے ،ہماری ساٹھ سے ستر ملز بند پڑی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں