بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ آج طلب

بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلی رپورٹ آج طلب

لاہو ر ، اسلام آباد،راولپنڈی (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ،خبرنگار )لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تفصیلی رپورٹ آج طلب کرلی۔

جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے کتنے مقدمات درج ہیں ،کتنوں میں چالان جمع کروائے ہیں ؟ کس مقدمے میں کب نامزد کیا گیا ؟ کیا تفتیش ہوئی ؟ سب ریکارڈ پیش کیا جائے ۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کا بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی ۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیئے کہ اے ٹی سی کے جج نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا غیر قانونی ریمانڈ دیا، جسمانی ریمانڈ کے لیے ملزم کی موجودگی ضروری ہوتی لیکن بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا گیا۔جسٹس طارق سلیم شیخ کے استفسارپر پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی پر کل 37 مقدمات ہیں جن میں سے 18 لاہور کے ہیں۔ تفصیلات آج جمع کرادیں گے۔

عدالت نے کارروائی آج تک ملتوی کردی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات اور کسی نئے کیس میں گرفتاری سے بچنے کی درخواست میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے ،پولیس اور نیب سے جواب طلب کرلیے اورسماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی،دریں اثنا بانی پی ٹی آئی نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں وکلا کی عدم موجودگی میں شامل تفتیش ہونے سے پھر انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نئے توشہ خانہ ریفرنس میں تفتیش کے سلسلے میں ایک گھنٹہ اڈیالہ جیل میں رہی، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی شامل تفتیش نہ ہوئے ، نیب ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کر رہے تھے ۔ توشہ خانہ ٹو بلگری جیولری انکوائری میں نیب نے پہلے 8 اور پھر 7 دن کاریمانڈ حاصل کیا تھا۔بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے مسلسل انکار پر نیب ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں