علی امین نے بنوں امن جرگہ کے مطالبات مان لیے

علی امین نے بنوں امن جرگہ کے مطالبات مان لیے

پشاور (این این آئی، دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں امن جرگہ کے تمام مطالبات مان لیے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تسلیم کیے گئے مطالبات اپیکس کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے امن جرگہ کے اراکین کو جواب دیا کہ آپریشن عزم استحکام سے متعلق آئی ایس پی آر نے وضاحت کر دی اور واضح کر دیا ہے کہ یہ آپریشن نہیں بلکہ حکمت عملی ہے ۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرچ آپریشن پولیس اور سی ٹی ڈی کرے گی، ضرورت پڑنے پر سکیورٹی فورسز کی مدد لی جائے گی، غیر سرکاری مسلح افراد کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی، علاقے میں پولیس ہی گشت کرے گی جس کو مزید بڑھایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار مزید بڑھا رہے ہیں، پولیس میں بھرتیاں اور مزید گاڑیاں دے رہے ہیں۔ ادھر بنوں واقعہ پروزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے 25 جولائی کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ، کورکمانڈر، چیف سیکرٹری، آئی جی سمیت دیگر حکام شرکت کریں گے ، ایپکس کمیٹی اجلاس میں بنوں جرگہ کے پانچ مشران بھی شرکت کریں گے ۔بنوں جرگہ مشران کے مطالبات ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھے جائیں گے ، ایپکس کمیٹی اجلاس میں بنوں واقعہ سے متعلق کمیشن بنانے کے طریقہ کار پر غور ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں